قوم کو عمرانی فتنے سے نجات دلانا ضروری ہو چکا پارٹی الیکشن کی تیاری کرے: نواز شریف
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) پنجاب میں عام انتخابات کے معاملے پر مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف نے پارٹی رہنماؤں کو انتخابی مہم تیز کرنے کی ہدایت کر دی۔ ذرائع کے مطابق پنجاب میں عام انتخابات کے معاملے پر لیگی قیادت متحرک ہوگئی ۔ قائد مسلم لیگ ن نواز شریف نے پارٹی رہنماؤں سے ویڈیو لنک پر مشاورت کی۔ نواز شریف نے کہا کہ عام انتخابات تیس اپریل کو ہوں یا اکتوبر میں، تیاری رکھیں ، ملک میں افراتفری پیدا کرنے والے عناصر کو قوم کے سامنے ایکسپوز کیا جائے۔ ضروری ہوگیا کہ قوم کو عمران خان جیسے فتنے سے نجات دلاؤں۔ نواز شریف کا کہنا تھا کہ پنجاب اسمبلی کے ٹکٹس پارٹی وفاداروں اور حلقوں میں مضبوط امیدواروں کو دیں گے۔ عمران دور کی تمام بے قاعدگیاں اور غلط فیصلے عوام کے سامنے رکھیں۔ علاوہ ازیں مسلم لیگ ن کے قائد میاں نواز شریف نے زہر دیئے جانے کے سوال پر کہا ہے کہ جس نے جیل میں زہر دیا اسی سے پوچھ لیں۔ مریم نواز نے کہا تھا کہ نیب کی حراست کے دوران جیل میں نواز شریف کو زہر دیا گیا تھا۔ اس سلسلے پر لندن میںصحافی نے مسلم لیگ ن کے قائد میاں نواز شریف سے سوال کیا کہ آپ کو جیل میں زہر دیا گیا؟ جس پر نواز شریف نے جواب دیا کہ جس نے جیل میں زہر دیا ہے اسی سے پوچھ لیں۔
نواز شریف