ترازو کے پلڑے برابر نہ ہوں تو الیکشن نہیں سلیکشن ہو گی :مریم نواز
فیصل آباد (نمائندہ خصوصی) چیف آرگنائزر مسلم لیگ (ن) مریم نواز نے فیصل آباد میں تنظیمی کنونشن سے خطاب میں کہا کہ مسلم لیگ (ن) آئندہ انتخابات میں بھر پور حصہ لے گی اورجیت کیلئے الیکشن میں اترے گی لیکن اگر ترازو کے پلڑے برابر نہ ہوں تو الیکشن نہیں سلیکشن ہوتی ہے۔ انکا کہنا تھا کہ خواتین اور نوجوانوں کی کوششوں سے پاکستان میں مثبت تبدیلی آئے گی لیکن اس کیلئے معاشرے میں نفرتوں کی آگ کوختم کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان سوشل میڈیا کی طاقت کو مثبت سوچ پھیلانے کیلئے استعمال کریں کیونکہ ایک مخصوص سوچ کے حامل ٹولے کی جانب سے بدقسمتی سے سوشل میڈیا کو کوڑے دان اور گٹر سوچ کا ذریعہ بنا دیا گیا ہے، لہٰذا مسلم لیگ (ن) کے سوشل میڈیا رضاکاروں کو یہ گند صاف کرنے میں اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ پارٹی میں خواتین اور یوتھ کی بڑھتی ہوئی تعداد دیکھ کر کہا جاسکتا ہے کہ مسلم لیگ (ن) نوجوانوں کی جماعت ہے ،ن لیگ ملک اور عوام کی خوشحالی کا دوسرا نام ہے جو ہر مکتبہ فکر کی نمائندگی سمیت خواتین و نوجوانوں کو قیادت کی صف میں لائے گی۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن)سوشل میڈیا ونگ کو مسلم کلچر کی شناخت بننا ہے۔ علاوہ ازیں مریم نوازشریف نے پارٹی دھڑوں میں اختلافات پر برہمی کا اظہار کیا۔ علاوہ ازیں مسلم لیگ (ن) کارپوریشن کے جنرل سیکرٹری میاں ضیاء الرحمن نے مریم نوازشریف سے خصوصی ملاقات کی۔ کامیابی تنظیمی کنونشن پر گفتگو اور مبارکباد دی گئی۔ مریم نوازشریف کا کہنا تھا فیصل آباد والوں نے شاندار استقبال کر کے نواز شریف کا دل جیت لیا ہے۔
مریم نواز