وعدے جھوٹ کا پلندہ، حکمرانوں نے عوام سے جینے کا حق چھین لیا: منور جماعتی
لاہور (خصوصی نامہ نگار) وفاقی حکومت نے عوام سے جینے کا حق چھین لیا‘ اتحادیوں نے عمران خان کی جمہوری حکومت کا تختہ اْلٹتے وقت جو وعدے کئے وہ سب جھوٹ کا پلندہ ثابت ہوئے۔ یہ لوگ اقتدار میں آتے ہی عوام کے منہ سے روٹی کا آخری نوالہ بھی چھیننے کے مشن پر گامزن ہو گئے۔ عمران خان نے سازشوں اور عالمی طاقتوں کے سامنے جھکنے کی بجائے کرسی چھوڑنا مناسب سمجھا، یہ لوگ صرف اپنے کیس ختم کروانے اور ملک کو مزید لوٹنے کیلئے اقتدار میں آئے ہیں۔ ہم عمران خان کے وژن کے مطابق ان کیساتھ کھڑے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار سجادہ نشین حضرت امیر ملت پیر سید منور حسین شاہ جماعتی نے صحافیوں کیساتھ بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ تحریک انصاف کے کارکن ظل شاہ کی شہادت کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے ذمہ داروں کے خلاف سخت اور فوری قانونی کارروائی کا مطالبہ بھی کیا۔ انہوں نے کہا کہ رانا ثناء اللہ کے منہ کو خون لگ چکا ہے، یہی وجہ ہے کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن میں 14 بیگناہ افراد کا قاتل آج بھی کھلے عام گھوم رہا ہے۔ ان کاکہنا تھا کہ ن لیگ، پی پی پی، جے یو آئی(ف) سمیت 13 جماعتوں کی اتحادی حکومت کے 80 سے زائد وزرائ، مشیران اور معاونین مجبور و لاچار اور مہنگائی کے ستائے عوام کے ٹیکسوں کے پیسوں پر راج کر رہے ہیں جس کا حساب انہیں ضرور دینا ہو گا۔ جلیل احمد شرقپوری نے کہا کہ وفاقی اتحادی حکومت کو صرف اپنے مفادات عزیز ہیں۔ یہ لوگ قانون کو اپنے گھر کی لونڈی سمجھتے ہیں۔ مریم نواز سرعام معزز ججوں پر تنقید کر رہی ہے اور اسے کوئی پوچھنے والا نہیں، پیر سید ماجد حسین شاہ نے کہا کہ عمران خان اور تحریک انصاف کے راستے میں رکاوٹیں ڈالنے کا ہر کام حکومت کے گلے میں اْلٹا پڑ جاتا ہے۔ پیر رفیق الحسن قریشی نے کہا اتحادی حکومت ملک میں مہنگائی، ڈالر اور سود کی شرح کو کنٹرول کرنے میں ناکام نظر آ رہی ہے۔ فوری عام انتخابات کا اعلان کریں۔