محمد خان بھٹی کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوانے کے احکامات کے خلاف درخواست دائر
رحیم یارخان (کرائم رپورٹر) محمدخان بھٹی کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوانے کے احکامات کے خلاف نگرانی درخواست دائر کر دی گئی۔ کل سماعت ہو گی۔ تفصیل کے مطابق ڈسٹرکٹ پبلک پراسیکیوٹر طارق جاوید، اسسٹنٹ پبلک پراسیکیوٹر صائمہ عرفان نے ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ریاض احمد کی عدالت میں اینٹی کرپشن کی جانب سے سابق پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ پنجاب محمد خان بھٹی جنہیں 9مارچ کو سینئر سول جج نے مزید ریمانڈ کی استدعا مستردکرتے ہوئے 14روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوانے کے احکامات جاری کئے تھے کے خلاف نگرانی دائر کرتے ہوئے عدالت سے استدعا کی ہے کہ سینئر سول جج کی عدالت کی جانب سے جوڈیشل ریمانڈ منظور کئے جانے کے احکامات کو منسوخ کرتے ہوئے ملزم محمد خان بھٹی کا دوبارہ جسمانی ریمانڈ منظورکیا جائے کیونکہ گرفتار ملزم سے شراکت داری بنک اکاونٹس اورکروڑوں روپے مالیت کی ذخیرہ کی گئی چینی برآمد ہونا باقی ہے۔