• news

ظل شاہ قتل‘ عمران اور یاسمین راشد بھی گرفتار ہونگے: عامر میر 


لاہور (نوائے وقت رپورٹ) نگران وزیر اطلاعات پنجاب عامر میر کا کہنا ہے کہ لاہور میں قتل ہونے والے پاکستان تحریک انصاف کے کارکن علی بلال عرف ظل شاہ کے کیس میں عمران خان اور یاسمین راشد بھی گرفتار ہوں گے۔ عامر میر کا نجی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے کہنا تھا ظل شاہ کیس پر یہ کہانی بنانے اور جوڑنے کی کوشش کر رہے ہیں، آپ ظل شاہ کی لاش کو ہسپتال چھوڑ کر بھاگ کیوں گئے۔ خان صاحب اس معاملے میں رنگے ہاتھوں پکڑے گئے ہیں، عمران خان شرمندہ ہونے کے بجائے مزید ریلیوں کی کال اور جوڈیشل کمیشن کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ صوبائی وزیر کا کہنا تھا جوڈیشل کمیشن تو ایسے معاملے میں بنتا ہے جہاں کوئی ابہام اور تنازع ہو، کیس کے تمام شواہد اور ثبوت موجود ہیں، شواہد مٹانے اور مسخ کرنے کے جرم کی کوشش کا مقدمہ درج ہو چکا ہے، ایک آدھ دن میں پولیس گرفتاری کرے گی۔ لاہور میں دفعہ 144 کے نفاذ کے حوالے سے نگران وزیر اطلاعات کا کہنا تھا لاہور میں تین بڑے ایونٹ ہونے جا رہے تھے تو تحریک انصاف نے ریلی کا اعلان کر دیا، کوئی بھی سیاسی جماعت 8 مارچ یا آج کوئی بھی سیاسی سرگرمی کرتی تو اسے روک دیا جاتا۔
عامر میر

ای پیپر-دی نیشن