• news

سیاسی سر گرمیوں پر پابندی نہیں محسن نقوی ’ 56کمپنیوں کے نمک کان کنی لائسنس خلاف ضابطہ قرار دیکر منسوخ


لاہور (نیوز رپورٹر) نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے اپنے ایک ٹویٹ میں کہا ہے کہ سیاسی سرگرمیوں پر کوئی پابندی نہیں۔ تمام سیاسی جماعتوں کو انتخابی مہم کی اجازت ہے۔ سیاسی سرگرمیوں کو صرف گزشتہ روز کیلئے محدود کیا گیا کیونکہ شہر میں پی ایس ایل میچ ہے اور ٹیموں کی موومنٹ ہوگی۔ شہر میں آج میراتھن ریس کا ایونٹ بھی ہے اور شہر کے تمام ایونٹس پہلے سے طے شدہ تھے۔ دریں اثنا نگران وزیراعلیٰ پنجاب کی زیر صدارت وزیراعلیٰ آفس میں صوبائی کابینہ کا 9 واں اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں سابق دور میں خلاف ضابطہ 56 کمپنیوں کو نمک کی کان کنی کے لئے جاری لائسنس منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ پنجاب کابینہ نے لائسنس منسوخ کرنے کے لئے قواعد وضوابط کے مطابق کارروائی شروع کرنے کی منظوری دے دی۔ خلاف ضابطہ لائسنس جاری کرکے قومی خزانے کو اربوں روپے کا نقصان پہنچایا گیا اور بغیر بڈنگ اور اوپن آکشن کے ذریعے من پسند کمپنیوں کو لائسنس جاری کئے گئے۔ اجلاس میں پنجاب کی نئی ترمیم شدہ راک سالٹ پالیسی کی منظوری دی گئی۔ پنجاب کابینہ نے اورنج لائن میٹرو ٹرین اور میٹرو بس سروس پر سفر کرنے والے طلبا و طالبات کے لئے بڑا ریلیف دینے کا فیصلہ کیا جس کے تحت یونیفارم میں طلبا وطالبات کو اورنج لائن میٹرو ٹرین اور میٹرو بس پر مفت سفر کی سہولت ہوگی۔ وزیر اعلی محسن نقوی نے وزیراعظم شہبازشریف کی انرجی کنزرویشن پالیسی کے تحت انرجی ڈیپارٹمنٹ کو انرجی سیونگ کیلئے اقدامات کرنے کی ہدایت کی۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے سول سیکرٹریٹ اور دیگر محکموں کو پیپرلیس کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ محکموں کو پیپرلیس کرنے کے لئے جامع پلان مرتب کیا جائے اور سمریوں کو کم سے کم وقت میں نمٹایا جائے۔  اجلاس میں سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن کے پرفارمنس مینجمنٹ سسٹم کے تحت انفارمیشن اینڈ کمیونیکیشن ٹیکنالوجی سیل کے کنٹریکٹ ملازمین کی مدت ملازمت میں توسیع کی منظوری دی گئی  جبکہ پنجاب کی سرکاری یونیورسٹیوں میں وائس چانسلرز، پرو وائس چانسلرز، کنٹرولرز اور رجسٹرارز کے خالی عہدوں پر الیکشن کمیشن کی اجازت سے تقرریاں کرنے کی مشروط منظوری دی گئی۔ اجلاس میں چیف ایگزیکٹو آفیسر آب پاک اتھارٹی سید زاہد عزیز کے استعفیٰ کی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں رواں مالی سال کے دوران سیلاب سے دریاؤں اور نالوں کو پہنچنے والے نقصانات کی تعمیر و مرمت و بحالی کیلئے ضمنی گرانٹ کے اجرا  کی منظوری دی گئی۔ صوبائی کوالٹی کنٹرول بورڈ اور ضلعی کوالٹی کنٹرول بورڈز میں ماہرین/ پرائیویٹ ممبران کی تقرریوں کی منظوری دی گئی۔ پنجاب پروٹیکٹڈ ایریاز ایکٹ 2020 کے تحت7 نیشنل پارکس کی توثیق کی گئی۔ بصیرہ ٹاؤن، مظفر گڑھ میں امینے اردگان دانش کیئر گرلز سکول کیلئے مالی سال 2021-22 کے دوران استعمال نہ کئے جانے والے فنڈز کے دوبارہ اجرا  کی منظوری دی گئی۔ پنجاب حکومت کے مالی سال 2018-19، 2019-20، 2020-21 اور 2021-22 کے اکاؤنٹس کے بارے میں آڈیٹر جنرل آف پاکستان کی رپورٹس کی منظوری دی گئی۔ تمام ڈویژنل کمشنرز اور آر پی اوز کا اجلاس منعقد ہوا۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے کمشنرز اور آر پی اوز کو عوام کو ریلیف اور زیادہ سے زیادہ سہولتیں دینے کے لئے ٹاسک دے دیا۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے کمشنرز اور آر پی اوز کو رمضان المبارک کے دوران مفت آٹے کی فراہمی کے خصوصی پیکیج کی خود نگرانی کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت عوام کو رمضان المبارک میں حقیقی ریلیف دینے کے لئے مفت آٹے کا خصوصی پیکیج لا رہی ہے۔ اس پیکیج پر بہترین طریقے سے عملدرآمد کرانا آپ سب کی ذمہ داری ہے۔ شادی کی تقریبات میں ون ڈش اور وقت کی پابندی کو ہر صورت یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ پنجاب بھر میں جعلی زرعی ادویات تیار و فروخت کرنے والے عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ جعلی زرعی ادویات کا کاروبار کرنے والوں کو قانون کی گرفت میں لایا جائے۔ خریداری کا ہدف پورا اور چوری کو روکنے کیلئے مؤثر  انداز سے کام کیا جائے۔ رمضان المبارک کے دوران ناجائز منافع خوروں اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف کارروائی کی جائے۔ نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی  سے 8 مارچ کو سیاسی کارکن کے جاں بحق ہونے کا کیس ٹریس کرنے والے ایس ایس پی عمران کشور‘ انسپکٹر محمد علی بٹ‘ انسپکٹر نبی بخش‘ سب انسپکٹر عامر شہزاد‘ سب انسپکٹر زبیر‘ ہیڈ کانسٹیبل خرم شہزاد اور کانسٹیبل محمد طیب نے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ نے پولیس ٹیم کی کارکردگی کو سراہا اور شاباش دی۔ محسن نقوی نے شیخوپورہ میں 5 افراد کے قتل کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے انسپکٹر جنرل پولیس سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔
محسن نقوی

ای پیپر-دی نیشن