عمران کی سیاست کی بنیاد جھوٹ، دھوکہ، اور افراتفری ،خورشید شاہ
اسلام آباد(خبرنگار)وفاقی وزیر آبی وسائل سید خورشید احمد شاہ نے کہا ہے عمران خان کی سیاست کی بنیاد جھوٹ، دھوکہ، اور افراتفری ہے اور ایسی سیاست کا انجام کبھی اچھا نہیں ہو سکتا۔ عمران خان سچا ہے تو پہلے فارن فنڈنگ، توشہ خانہ اور دیگر کیسز کا سامنا کرے اور پھر دوسروں پر الزام تراشی کرے۔ عمران خان ملک کو کمزور کرنے کے مشن پر ہیں اور ان کی انتشار اور افراتفری کی سیاست اس کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ ایسی سیاسی چالوں سے عمران خان کو ذاتی فائدہ تو ہو سکتا ہے مگر ملک و قوم کیلئے یہ چالیں بدامنی اور تنزلی کا باعث ہیں۔ انہوں نے کہا ہماری موجودہ معاشی ابتری کی بڑی وجہ عمران خان کی وہ معاشی اور خارجی پالیسیاں تھیں جن کا مقصد پاکستان کو عالمی طور پر تنہا اور معاشی طور پر کمزور کرنا تھا۔ انہوں نے کہا ملکی مفاد کا تقاضا ہے افراتفری کی سیاست سے گریز کیا جائے اور ملکی معیشت اور سیاست کو امن اور استحکام کیساتھ آگے بڑھایا جائے۔