سعودی ایران تعلقات بحالی استحکام کے حصول میں معاون ہو سکتی: عرب لیگ
ریاض (این این آئی) سعودی عرب اور ایران کے درمیان تعلقات کی بحالی کے بعد عرب دنیا اور عالمی برادری کی جانب سے رد عمل کا سلسلہ جاری ہے۔ میڈیارپورٹس کے مطابق اب عرب لیگ نے بھی اس پیش رفت پر اپنے رد عمل کا اظہار کردیا ہے۔ عرب لیگ کے سیکرٹری جنرل احمد ابو الغیط نے کہا کہ سعودی عرب اور ایران کے درمیان سفارتی تعلقات بحال کرنے کا معاہدہ علاقائی استحکام کے حصول میں معاون ثابت ہو سکتا ہے۔ احمد ابو الغیط نے اپنے ٹویٹر اکائونٹ پر مزید کہا کہ معاہدے نے دونوں ملکوں کے درمیان 7 سال سے زائد عرصے سے جاری کشیدگی کو ختم کیا ہے۔ یہ ایک ایسا قدم ہے جو دو طرفہ تعلقات میں ایک نئے مثبت مرحلے کی نشاندہی کررہا ہے۔ یہ معاہدہ علاقائی استحکام کے حصول میں اپنا کردار ادا کرنے میں کارآمد ثابت ہو گا۔ عرب لیگ کے سیکرٹری جنرل نے اس معاہدہ کے حصول کے لیے چین، عراق اور سلطنت عمان کی جانب سے کی جانے والی کوششوں کی بھی تعریف کی۔