امریکی صدر کیلئے نئے ایئرفورس ون طیارے کے نئے ڈیزائن کی منظوری
واشنگٹن (آئی این پی ) امریکہ کے صدر جو بائیڈن نے صدر کے ہوائی سفر کیلئے مخصوص طیارے ایئر فورس ون کے نئے ڈیزائن کی منظوری دے دی ہے۔ اس دیو ہیکل جمبو جیٹ کو مخصوص نیلے اور سفید رنگ میں ہی رکھا جائے گا۔ امریکی ایئر فورس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ نئے طیاروں میں نیلے اور سفید رنگ کی کلر ٹون برقرار رکھی جائے گی، لیکن یہ قدرے منفرد اور جدید خصوصیات کی حامل ہو گی۔ امریکی حکومت نے بوئنگ کمپنی کو دو بوئنگ 747 طیاروں کو اپ گریڈ کرنے کا کانٹریکٹ دے رکھا ہے جو آئندہ چند برسوں میں صدر کے زیرِ استعمال موجودہ طیاروں کی جگہ لیں گے۔ یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ امریکی صدر اپنے دوروں کے لیے ایئر فورس ون میں سفر کرتے ہیں۔ اس طرح کے دو طیارے صدر کے زیرِ استعمال ہوتے ہیں۔ امریکہ کے صدر کے زیرِ استعمال طیاروں کا کال سائن ایئر فورس ہے۔ اس سے قبل امریکہ کے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایئر فورس ون کے لیے سرخ، سفید اور نیلے رنگوں پر مشتمل کلر ٹون کی منظوری دی تھی۔ طیارے کے رنگ کی تبدیلی سے متعلق وائٹ ہاس کے ترجمان کا کہنا تھا کہ ایئر فورس کی جانب سے جائزے میں یہ بتایا گیا تھا کہ گہرے رنگ کا استعمال نہ صرف طیاروں کی اپ گریڈیشن کا خرچ بڑھائے گا بلکہ اس کی ڈلیوری میں بھی تاخیر ہو گی۔ ایئر فورس کے مطابق نئے طیاروں میں الیکٹریکل پاوور اپ گریڈ، طبی سہولیات اور سیلف ڈیفنس سسٹم بھی نصب کیا جائے گا۔