• news

نظام عدل ملک کو انصاف نہیں دے سکتا‘ بدلنا ہوگا: وزیر ریلوے


لاہور(نیوزرپورٹر) وفاقی وزیر ریلوے و ہوابازی، رہنما مسلم لیگ ن خواجہ سعد رفیق نے کہا یہ نظام عدل ملک کو انصاف نہیں دے سکتا، اس نظام عدل کو بدلنا پڑے گا۔ محمد نواز شریف کی آمد آمد ہے۔ محمدنواز شریف کے وطن واپس آنے پر بتائیں گے کہ ہم نے کیا کرنا ہے، مسلم لیگ (ن )الیکشن میں بھرپور حصہ لے گی، عمران خان کی حکومت رہتی تو ملک ڈیفالٹ کر جاتا۔لاہور میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ ہمیں گرانے کیلئے میاں نوازشریف کو جان بوجھ کر جیل میں ڈالا گیا، نوازشریف کو نااہل کرنا سازش تھی فیصلہ نہیں تھا۔ اس ملک میں آئین بالاتر نہیں ہو سکا۔انہوں نے کہا کہ جمہوریت کو ریموٹ کنٹرول سے چلانے کی کوشش کی گئی۔ جمہوریت کو زنجیریں ڈالی گئیں، پاکستان کی جمہوری جماعتوں کا مقدمہ پیش کررہا ہوں۔وفاقی وزیر ریلوے نے کہا ہمیں اپنی آواز کو عام آدمی کے حق میں استعمال کرنا ہے۔خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ عمران خان خود جیل جاتے ہوئے ڈرتا ہے اور کارکنان کو کہتا ہے گرفتاری دو۔ اس موقع پرخواجہ سلمان رفیق، خواجہ عمران نذیر، یاسین سوہل، میاں نصیر احمد، رانا آصف ، چوہدری سجاد احمد، قاری حنیف، رانا جعفر ، ریاض مغل، سعدیہ تیمور اورکنول نعمان سمیت مسلم لیگ( ن) کے دیگر رہنماؤں و کارکنوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

ای پیپر-دی نیشن