''باخموت''کی لڑائی میں شدت،221روسی فوجی ہلاک:ہم نے 210یوکرائنی مارے،رشیا
ماسکو (نوائے وقت رپورٹ) یوکرائن نے دعویٰ کیا ہے کہ باخموت میں 24 گھنٹے سے جاری جھڑپ میں 221سے زائد روسی فوجی مارے گئے جبکہ 314 زخمی ہیں۔ عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق یوکرین کے روس کے زیر تسلط شہر ڈونباس کے ایک علاقے ’’باخموت‘‘ میں گھمسان کی جنگ جاری ہے۔ ڈونباس کے اس علاقے میں روس تاحال قبضہ کرنے میں ناکام رہا ہے۔ یوکرینی فوج کے ترجمان سرہی چیریواتی نے قومی چینل پر بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں روسی فوج نے 16 حملے کیے اور 23 دوبدو جھڑپیں ہوئیں جن میں 221 دشمن فوجی مارے گئے اور 314 زخمی ہوئے۔ خیال رہے کہ باخموت میں جمعہ سے جھڑپوں میں تیزی آگئی ہے۔ مخالف فوجیں آمنے سامنے ہیں اور علاقے کے قبضے کے لیے جنگ کر رہی ہیں۔ دونوں ممالک کی جانب سے متضاد دعوے سامنے آرہے ہیں۔ روسی وزارت دفاع کے ترجمان نے ہلاکتوں پر تبصرہ نہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ باخموت کی فتح سے یوکرائن کے دفاع میں دراڑ پڑ جائے گی اور ڈونباس کے تمام صنعتی علاقے پر تسلط کی جانب ایک قدم ہو گا جو ایک بڑا ہدف ہے۔ روس نے کہا کہ 210 یوکرائنی فوجی مار ڈالے۔ برطانوی ملٹری انٹیلی جنس نے کہا کہ روس کے ویگنر گروپ نے شہر باخموت کے بیشتر مشرقی حصے کا کنٹرول سنبھال لیا ہے۔