کنگ ایڈورڈمیڈیکل یونیورسٹی کے زیرانتظام جے کیٹ امتحان کا انعقاد
لاہور( نیوز رپورٹر )کنگ ایڈورڈمیڈیکل یونیورسٹی کے زیرانتظام جے کیٹ امتحان کا انعقاد کیا گیا۔ امتحان صوبہ بھر کے تمام طبی اداروں میں پوسٹ گریجویٹ کورسز میں داخلوں کیلئے منعقد کیا جاتا ہے۔مجموعی طور پر 3498 امیدواروں نے اس امتحان میں شرکت کی۔ لاہور سنٹر میں 2429 جبکہ ملتان سنٹر میں 1069 ڈاکٹرز نے امتحان میں شرکت کی اور 170 غیر ملکی ڈاکٹرز بھی اس امتحان کے امیدوار تھے۔ وائس چانسلر کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر محمود ایاز نے امتحانی مراکز کا دورہ کیا اور انتظامات کا جائزہ لیا۔ امتحان کی تمام تیاری اور نگرانی امتحانی عملہ کے ہمراہ چیف کنٹرولر امتحانات پروفیسر محمد ہارون حامد اور رجسٹرار ڈاکٹر ریاست علی نے کی۔ وائس چانسلر اور معائنہ ٹیم نے امتحان کو معیاری قرار دیتے ہوئے تمام انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔ شعبہ امتحانات کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی اپنی روایات کو برقرار رکھتے ہوئے اس امتحان کے نتائج کا اعلان جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے 48 گھنٹے کے اندر کر دے گا جو کہ کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی کی آفیشل ویب سائٹ پر آویزاں ہو گا۔