سمبڑیال: گھریلو جھگڑے پر بڑے نے قینچی سے حملہ کرکے چھوٹے بھائی کو قتل کر دیا
سمبڑیال(نمائندہ نوائے وقت)تھانہ سمبڑیال کے علاقہ احمد آباد میں گھر میں دوران جھگڑا بڑے بھائی نے چھوٹے بھائی کو قینچی کے وار کر کے قتل کردیا۔ ملزم سہیل عباس نے دکانداروں سے ادھار لیے گئے سودا سلف کی دکانداروں کو رقم کی ادائیگی کے لیے ماں سے پیسے مانگے انکار پر ماں سے گالی گلوچ اورجھگڑے سے روکنے پر چھوٹے بھائی محمد عثمان کو طیش میں آکر قینچی کے وار کر کے موت کے گھاٹ اتاردیا۔ پولیس نے والدہ کی مدعیت میں مقتول بیٹے کے قتل کا مقدمہ دوسرے قاتل بیٹے کے خلاف درج کرلیا ۔ تفصیلات کے مطابق تھانہ سمبڑیال کے علاقہ احمد آباد (چوہڑ چک) میں بیوہ خاتون رضیہ سلطانہ اپنے بیٹوں محمد بلال ، محمد عثمان ، سہیل عباس اوربہو اقراء بی بی کے ہمراہ گھر میں موجود تھی کہ رات 9بجے کے قریب خاتون کے بیٹے محمد سہیل عباس اورعثمان آپس میں تلخ کلامی کے بعد جھگڑ پڑے اوربعدازاں دوران جھگڑا طیش میں آکر بڑے بھائی سہیل عباس نے محمد عثمان کو پیٹ پر قینچی کے وار کر کے شدید مضروب کردیا جو ڈسکہ سول ہسپتال جاکر جاں بحق ہوگیا۔دریں اثناء مقتول نوجوان محمد عثمان کو پوسٹ مارٹم اورضروری کارروائی کے بعد مقامی قبرستان میں سپردخا ک کردیا گیا ہے۔
بھائی قتل