• news

جشن بہاراں ’’دوڑ لاہوردوڑ‘‘ میراتھان ساہیوال کے سہیل عامرنے جیت لی


لاہور (سپورٹس رپورٹر) سپورٹس بورڈ پنجاب کے زیراہتمام جشن بہاراں ’’دوڑ لاہوردوڑ‘‘ میراتھان ساہیوال کے سہیل عامر کاٹھیا نے جیت لی، سہیل عمار کاٹھیا نے 42کلومیٹر کا فاصلہ دو گھنٹے20منٹ اور 24سکینڈ میں طے کیا،اسرار خٹک نے دوسری اور عبدالرشیدنے تیسری پوزیشن حاصل کی، پہلی،دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کرنیوالے اتھلیٹ کو بالترتیب 10لاکھ،5لاکھ اور 3لاکھ روپے کے کیش انعامات دیئے گئے، سیکرٹری سپورٹس اینڈ یوتھ افیئرزپنجاب شاہد زمان، ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب محمد طارق قریشی نے کامیاب کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے۔ سیکرٹری سپورٹس اینڈ یوتھ افیئرزپنجاب شاہد زمان نے کہا ہے کہ اس وقت لبرٹی چوک میں بہار کے رنگ بکھرے ہوئے ہیں، جشن بہاراں میں سپورٹس ایونٹ میں شہریوں کی اتنی زیادہ شرکت  سے اس کو مدتوں یاد رکھا جائیگا، کھلاڑیوں نے بہت شاندار کارکردگی کا مظاہر ہ کیا ہے، نئے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی ہوئی ہے، نوجوانوں کی پرفارمنس دیکھ پر پرامید ہیں کہ ہمارے نوجوان پاکستان کا نام دنیا میں روشن کریں گے۔ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب محمد طارق قریشی نے کہا ہے جشن بہاراں کا سب سے بڑا ایونٹ لاہور میراتھان، ٹوری ڈی لاہور سائیکل ریس، فن ریس اور ویل چیئر ریس بہت کامیاب رہیں، لاہور کے باسیوں نے اس میں بھرپور شرکت کرکے زندہ دلان لاہور ہونے کا ثبوت دیاہے، کھلاڑیوں نے پرجوش ہوکر ریسز میں حصہ لیا ہے، اس ایونٹس سے جشن بہاراں کی خوشیاں دوبالا ہوگئی ہیں۔، کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کے لئے 42لاکھ روپے سے زائد رقم کے انعامات دیئے گئے ہیں، انشاء اللہ اکتوبر میں انٹرنیشنل میراتھان بھی کرائیں گے۔

ای پیپر-دی نیشن