فیصل آباد: چوکی انچارج کی ساتھیوں سمیت گھر میں لوٹ مار‘ محنت کش‘ دوست پر تشدد
فیصل آباد (نمائندہ خصوصی) چوکی انچارج نے ساتھیوں سمیت چادر چار دیواری کا تقدس پامال کرتے ہوئے گھر سے طلائی زیورات، بکرے اور کبوتر چوری کر لیے۔ محنت کش دوستوں کو غیر قانونی حراست میں رکھ کر بیہمانہ تشدد کا نشانہ بنایا اور پچاس ہزار روپے رشوت لے کر چھوڑ دیا۔ تفصیل کے مطابق صفیہ بی بی زوجہ کامران جاوید نے سٹی پولیس آفیسر کو دی گئی۔ درخواست میں موقف اختیار کیا ہے کہ تھانہ ملت ٹاؤن کی چوکی بھائی والا کا انچارج ٹرینی سب انسپکٹر وقاص احمد، محرر چوکی وحید، کانسٹیبل نعیم طارق، مزمل ڈھلوں چار نامعلوم افراد کے ہمراہ نو مارچ کو دن ایک بجے میرے گھر میں زبردستی گھس آئے۔ گھر میں موجود میرے بھائی عمران اور اس کے دوست شان پر فائرنگ کر کے خوف و ہراس پھیلایا، گھر کے سامان کی توڑ پھوڑ کی۔ عمران اور شان کو غیر قانونی طور پر حراست میں لے لیا اور جاتے ہوئے گھر سے تین تولہ زیورات، بیس ہزار روپے نقدی، دو بکرے اور کبوتر بھی چوری کر کے لے گئے، میرے بھائی اور اس کے دوست کو غیر قانونی حراست میں رکھ کر بیہمانہ تشدد کا نشانہ بناتے رہے۔ اور دونوں کو منشیات فروشی کے جھوٹے مقدمات میں ملوث کرنے کی دھمکیاں دے کر پچاس ہزار روپے رشوت لے کر دونوں کو چھوڑ دیا۔ چوکی انچارج سمیت ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرتے ہوئے ہمیں انصاف فراہم کیا جائے۔چوکی انچارج لوٹ مار