• news

لکی مروت ٹانک میں دہشتگردوں کی مردم شماری ٹیم پر  فائرنگ 2 اہلکار  شہید 8 زخمی


اسلام آباد/لکی مروت؍ ٹانک (خبر نگار خصوصی +نوائے وقت رپورٹ) لکی مروت اور ٹانک میں مردم شماری ٹیم پر دہشتگردوں نے فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں 2 پولیس اہلکار شہید اور 8 زخمی ہوگئے۔ لکی مروت، تھانہ صدر کی حدود میں مردم شماری ٹیم پر موٹر سائیکل سواروں نے فائرنگ کر دی جس سے ڈیوٹی پر مامور ایک پولیس اہلکار دل جان شہید ہوگیا۔ نامعلوم حملہ آور فائرنگ کے بعد فرار ہوگئے۔ دوسری جانب ٹانک میں گومل کے علاقہ کوٹ اعظم میں بھی مردم شماری کی ٹیم پر فائرنگ کی گئی۔ فائرنگ سے ایک پولیس اہلکار خان نواب شہید اور 8 اہلکار شدید زخمی ہوگئے، جنہیں ڈی ایچ کیو ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ ڈی پی او کا کہنا ہے کہ حملہ آوروں کی گرفتاری کیلئے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز نے فوری کارروائی کرتے ہوئے پورے علاقے کو گھیرے میں لے لیا، انٹرسروسز پبلک ریلیشنز کے مطابق فرار ہونے والے دہشت گردوں کو ڈی آئی خان کی تحصیل کلاچی میں گھیر لیا گیا۔ شدید فائرنگ کے تبادلے میں دہشتگرد کمانڈر عبدالرشید عرف رشیدی مارا گیا۔
مردم شماری ٹیم، فائرنگ 

ای پیپر-دی نیشن