• news

حج کوٹہ پالیسی پر تنقید، پاکستان کے کل کوٹے کو پرائیوٹ کیا جائے: فہیم یاسین


لاہور(خصوصی نامہ نگار) آل پاکستان حج جوائنٹ ایکشن کمیٹی نے وزارت مذہبی امور کی مبینہ نا انصافی اور ظالمانہ حج کوٹہ پالیسی پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ پوری اقوام عالم سے آنیوالے حجاج کرام زیادہ تر پرائیوٹ طور پر آتے ہیں اگر پاکستان کے کل کوٹے کو پرائیوٹ کردیا جائے اس سے مقابلے کی فضا پیدا ہوگی جس سے عام حاجی کو فائدہ ہوگا۔ پرائیویٹ حج پیکج بھی سستا ہو گا اورحکومتی خزانے پر بوجھ بھی نہیں پڑے گا۔ اس سے سرکاری حج کی آڑ میں رہائشوں، کھانے اور ٹرانسپورٹ کی مد میں اربوں روپوں کی کرپشن کا خاتمہ بھی ہو جائے گا۔ سرکاری مشینری پر آنیوالے اخراجات کی بچت ہوگی۔ ان خیالات کا اظہار مرکزی صدر فہیم یاسین بٹ اور مرکزی سینئر نائب صدر عبد اللہ بٹ اور محمد افصل نے لاہور پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ قبل ازیںآل پاکستان حج جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے مرکزی عہداران اور ممبران نے پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ بھی کیا۔ رہنمائوں نے کہا کہ پرائیویٹ سیکٹر میں مقابلے کی فضا ہونے کی وجہ سے پاکستانی عوام کو سستا ترین حج کرنے کا موقع ملنا چاہئے۔ ORA کا کردار ریگولیٹری کاہو نا چاہیے نہ کہ حج آرگنائنزر کا۔ ہم وزارت مذہبی امورسے پرزور مطالبہ کرتے ہیں انرولڈ نان کوٹہ ہولڈرز سے عرصہ18سال سے سوتیلے پن کا سلوک کیا جارہا اب اسے بند کیا جائے۔

ای پیپر-دی نیشن