ایران ، سعودی عرب تعلقات کی بحالی امت مسلمہ کیلئے اچھا پیغام :پیر اعجاز احمد
لاہور(خصوصی نامہ نگار)جمعیت علمائے پاکستان کے مرکزی صدر پیر اعجاز احمد ہاشمی نے کہا ہے کہ ایران اور سعودی عرب کے تعلقات کی بحالی امت مسلمہ کیلئے اچھا پیغام ہے۔دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات کی بحالی کا معاہد ہ اچھا ہے اور ہم اس کی کامیابی کیلئے دعا گو ہیں۔ہم بڑے عرصے سے کہہ رہے ہیں کہ دونوں ممالک کو مل کر اسلام دشمن عناصر کے خلاف اپنی قوت استعمال کرنی چاہئے۔سعودی عرب اور ایران آپس میں لڑتے رہیں گے تو اس سے مغربی ممالک خاص طور پر اسلام دشمن عناصر کو فائدہ ہوگا۔کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے اس توقع کا اظہار کیا کہ دونوں اسلامی ممالک کے درمیان چین میں ہونے والا معاہدہ دیرپا ہو گا اور ان کے درمیان اختلافی معاملات مسلمہ سفارتی انداز سے ہی حل ہوں گے۔ اسلامی ریاستوں کو اپنے معاملات خود حل کرنے چاہئیں،امریکی یا چینی سرپرستی میں امت مسلمہ کے فیصلے ہونا افسوسناک ہے۔