جی سی یونیورسٹی فیصل آباد کے وائس چانسلر ٹریفک حادثہ میں جاں بحق
فیصل آباد؍ لاہور (نمائندہ خصوصی+ نیوز رپورٹر) جی سی یونیورسٹی فیصل آباد کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شاہد کمال ٹریفک حادثہ میں جاں بحق ہوگئے۔ وہ گذشتہ روز ہفتہ وار چھٹیاں گزار کر لاہور سے واپس فیصل آباد آرہے تھے کہ موٹروے پر ساہیانوالہ کے قریب ان کی گاڑی کو حادثہ پیش آ گیا۔ ان کی حادثاتی موت پر گورنر پنجاب کا دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق ان کی گاڑی کا ٹائر برسٹ ہوا جس سے گاڑی بے قابو ہو کر سامنے موجود آئل ٹینکر سے ٹکرا گئی۔ حادثے سے گاڑی بری طرح تباہ ہوئی اور ڈاکٹر شاہد کمال موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔ حادثے میں ان کا ڈرائیور شدید زخمی ہوا۔ زخمی کو الائیڈ ہسپتال داخل کروا دیا گیا ہے۔ ڈاکٹر شاہد کمال کی میت طبی ملاحظے کے بعد یونیورسٹی حکام کے حوالے کی گئی۔ ان کی نماز جنازہ جی سی یونیورسٹی کے ہاکی گرائونڈ میں ادا کی گئی۔