توشہ خانہ تحائف کی اضافی رقم رضاکارانہ جمع کرا دی: احسن اقبال
اسلام آباد ؍ فیروز والہ (نمائندہ خصوصی+نوائے وقت رپورٹ+ نامہ نگار) وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے توشہ خانہ تحائف کی رضاکارانہ طور پر اضافی ادائیگی کر دی۔ احسن اقبال نے 19 لاکھ، 19 ہزار روپے حکومتی خزانے میں جمع کرا دیئے۔ وفاقی وزیر احسن اقبال نے اضافی ادائیگی کے بعد سیکرٹری کابینہ ڈویژن کو خط لکھ دیا۔ انہوں نے توشہ خانہ سے 15 لاکھ 50 ہزار مالیت کی مردانہ رولیکس گھڑی حاصل کی تھی۔ گھڑی کی قانون کے مطابق تین لاکھ چار ہزار روپے ادائیگی کی گئی۔ گھڑی کے باقی 12 لاکھ 46 روپے خزانے میں جمع کرا دیئے ہیں۔ سات لاکھ 75 ہزار روپے مالیت کی ایک لیڈیز رولیکس گھڑی حاصل کی تھی۔ قانون کے مطابق ایک لاکھ 49 ہزار روپے کی ادائیگی کی گئی تھی۔ گھڑی کی باقی رقم 6 لاکھ 26 ہزار روپے جمع کرا دیئے ہیں۔ ایک لاکھ 39 ہزار روپے مالیت کا قالین توشہ خانہ سے حاصل کیا تھا۔ قانون کے مطابق قالین کی قیمت 20 ہزار روپے ادا کی گئی تھی۔ قالین کی بقایا رقم ایک لاکھ 19 ہزار روپے سرکاری خزانے میں جمع کرا دی ہے۔