مقبوضہ کشمیر:محاصرے تلاشی کارروائیاں جاری،کئی مقامات پر چھاپے
سری نگر (کے پی آئی + اے پی پی) نام نہاد بھارتی تحقیقاتی ایجنسی این آئی اے نے مقبوضہ کشمیر میں کئی مقا مات پر چھاپے مارے ہیں۔ این آئی اے ٹیم نے بھارتی فورسز کی بھاری نفری کے ہمراہ اسری نگر میں عزیر احمد ولد فاروق احمد ساکن کرفالی محلہ حب کدل کے رہائشی مکان کی تلاشی لی۔ اس دوران کئی دوسرے گھروں میں بھی چھاپے مارے گئے۔ بھارتی فورسز نے گھر کے مکینوں کو ہراساں کیا۔ ادھر بھارتی فورسز نے جموں کے علاقوں جھانگر اور نوشہرہ میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائیاں شروع کر دی ہیں۔جبکہ بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر میں سول سوسائٹی نے بی جے پی حکومت کی مسلسل کشمیردشمن پالیسیوں پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق سول سوسائٹی کے اراکین نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں بے گناہ لوگوں کی گرفتاریوں،نظر بندیوں، زمینوں اورجائیدادوں کو ضبط کرنے، ملازمین کو برطرف کرنے، بے دخلی اور مسماری مہم ،پراپرٹی ٹیکس کے نفاذ اور بھرتی امتحانات کے لئے ایک بلیک لسٹڈ کمپنی کی خدمات حاصل کرنے جیسے ظالمانہ ہتھکنڈوں پربھارتی حکومت پر شدید تنقید کی۔دوسری جانب نئی دہلی تہاڑ جیل میں قیدجموں و کشمیر ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی کے صدر اور کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما شبیر احمد شاہ نے کہا ہے کہ سری نگر میں G-20 سربراہی اجلاس کی میزبانی کی بھارتی کوشش مسئلہ کشمیر سے دنیا کی توجہ ہٹانے کی کوشش ہے۔شبیر احمد شاہ، جو نئی دہلی کی تہاڑ جیل میں بند ہیں، نے یہ بات اقوام متحدہ اور او آئی سی کے سیکرٹری جنرلز کو لکھے گئے ایک خط میں کہی۔