پوائنٹ آف سیلز سسٹم کے تحت 10ہزار ارب سے زائد اکٹھے ہو سکتے ہیں:ٹی ای ایل
لاہور(کامرس رپورٹر )ٹیکس ایجوکیشن اینڈ لرننگ کے چیئرمین قاری حبیب الرحمن زبیری نے کہا ہے اعدادوشمار موجود ہیں کہ پوائنٹ آف سیلز سسٹم کے تحت 10ہزار ارب سے زائد اکٹھے ہو سکتے ہیں۔ ایک ہزار سکیئر فٹ میں کام کرنے والاایک کروڑ کی سیل پر حکومت کو 18لاکھ ٹیکس دے اور900سکیئر فٹ والا10کروڑ کی سیل کر کے بھی ایک روپیہ ٹیکس نہ دے یہ کہاں کا انصاف ہے۔ جب تک ٹیکس نظام میں یہ تفریق ہے ہم کبھی اپنی آمدن کو اخراجات کے مطابق نہیں کر سکتے۔ان خیالات کا اظہارا نہوں نے ’’ہماری معیشت اور ٹیکسیشن کا نظام‘‘ کے موضوع پر سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر ٹیکس ایجوکیشن اینڈ لرننگ کے صدر قاری حبیب الرحمن زبیری ،سینئر نائب صدر عاشق علی رانا،نائب صدر واصف علی اویس،جنرل سیکرٹری سید حسن علی قادری،فنانس سیکرٹری سیف الرحمن زبیری،جوائنٹ سیکرٹری عبدالرحمن سمیت دیگر بھی موجود تھے۔ انہوں نے حکومت اور ایف بی آر سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ پوانٹ آف سیلز سسٹم میں خامیاں اور پیچیدگیوں کو دور کرکے اس پر فوکس کیا جائے تو ہمیں غیر ملکی قرضوں کی ضرورت نہیں پڑے گی۔حکومت اور ایف بی آر 32لاکھ ٹیکس دہندگان کے ساتھ سوتیلی ماں جیسا سلوک نہ کرے ، پہلے سے ٹیکس دینے والوں پر مزید بوجھ ڈالنے کی بجائے نئے ٹیکس گزار تلاش کئے جائیں۔ کئی ایمنسٹی سکیمیں آئیں لیکن تفریق کی وجہ سے ایک بھی کامیابی کے ہدف کو حاصل نہیں کر سکی اور 22کروڑ کے ملک میں ٹیکس دہندگان کی تعداد ایک کروڑ تک نہیں پہنچ سکی۔