• news

گندم ، آٹے کے ایشوز کا جائزہ کیلئے ایس ایم تنویر کی زیر  صدارت اجلاس


لاہور (کامرس رپورٹر)وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر صوبے میں گندم اور آٹے کے ایشوز کا جائزہ لینے کیلئے بنائی گئی کمیٹی کا صوبائی وزیر صنعت ، تجارت و توانائی ایس ایم تنویر کی صدارت سول سیکرٹریٹ میں اجلاس منعقدہوا،جس میں صوبائی وزراء منصور قادر، بلال افضل، سیکرٹری خوراک، ڈی جی انڈسٹریز، ڈائریکٹر خوراک اور متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ رمضان پیکج کے تحت مستحق خاندانوں کو مفت آٹے کی فراہمی کیلئے سفارشات کو حتمی شکل دی گئی ۔ رمضان المبارک کے دوران 15.8ملین مستحق خاندان رمضان پیکج کے تحت مفت آٹا حاصل کریں گے۔ مفت آٹے کی فراہمی ٹرکنگ پوائنٹس، منتخب یوٹیلیٹی سٹورز اور ریٹیل آؤٹ لٹس کے ذریعے ہوگی۔ دیہی علاقوں میں مفت آٹے کی فراہمی کیلئے دکانوں کو رجسٹر کیا جائے گا۔مفت آٹے کے تھیلے کا رنگ سبز ہوگا ۔رمضان پیکج کے تحت مفت آٹے کی فراہمی کیلئے مرتب کردہ سفارشات کی منظوری پنجاب کابینہ دے گی ۔اس موقع پرفلور ملزایسوسی ایشن کے چیئرمین عاصم رضا، حافظ احمد اور دیگر بھی موجود تھے۔ صوبائی وزیر صنعت ، تجارت و توانائی ایس ایم تنویرنے کہاکہ ماہ مقدس میں مستحق خاندانوں کو ریلیف کی فراہمی کیلئے تاریخی رمضان پیکیج دیاجارہا ہے۔مفت آٹے کی فراہمی سے غریب گھرانوں کو حقیقی ریلیف ملے گا۔ گندم کی فلور ملز کوترسیل سے لے کر ٹارگٹڈ افراد کو مفت آٹے کی فراہمی تک جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے مانیٹرنگ کی جائے گی ۔مشکل معاشی صورتحال کے باوجود رمضان المبارک کے دوران عوام کو بڑاریلف دیں گے۔

ای پیپر-دی نیشن