کارکنوں‘ پولیس میںتصادم پر افسوس‘ عمران کی حفاظت کیلئے فکر مند ہوں: صدر علوی
اسلام آباد(نمائندہ خصوصی/نیٹ نیوز) )صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ انتخابات میں تاخیر نہیں ہوگی ، پختہ یقین ہے کہ انتخابات وقت پر ہوں گے، بروقت انتخابات سے ملک کی سیاسی اور معاشی صورتحال میں بہتری کی راہ کھلے گی۔ صدر مملکت نے ان خیالات کا اظہار کونسل آف پاکستان نیوز پیپرز ایڈیٹرز کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جس نے منگل کو یہاں ایوان صدر میں ان سے ملاقات کی۔ صدر مملکت نے پاکستان کے آئین کی پاسداری کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ہماری تاریخ ثابت کرتی ہے کہ انتخابات میں تاخیر سے جمہوریت کو نقصان پہنچا۔ انہوں نے کہا کہ گورنر خیبرپختونخوا ایک جمہوری شخص ہیں ، صدر مملکت نے گورنر کو آئین اور سپریم کورٹ کے حکم کے مطابق انتخابات کی تاریخ مقرر کرنے کا مشورہ دیا۔ ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ بحیثیت صدر اپنا آئینی کردار ادا کررہا ہوں، سپریم کورٹ نے بھی فیصلوں کی توثیق کی، اختلافات کم کرنے اور سیاسی جماعتوں میں مفاہمت کے فروغ کے لیے اپنا کردار ادا کیا ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ ملک کی خاطر کسی بھی شخص یا سیاسی جماعت سے ملنے کو تیار ہوں، پی ٹی آئی کی قیادت کو بھی دیگر سیاسی جماعتوں سے مذاکرات کرنے کا کہا، حکومت کے ساتھ اچھے تعلقات ہیں۔ صدر مملکت نے کہا کہ پختہ یقین ہے کہ پاکستان ڈیفالٹ نہیں کرے گا، بہتر اور موثر مالیاتی انتظام ملک کو درپیش معاشی مشکلات پر قابو پانے میں مدد دے سکتا ہے۔ صدر نے کہا کہ کرپشن کے خلاف ہوں کیونکہ اس نے پاکستان کو بری طرح نقصان پہنچایا، اسی لیے نیب ترمیمی بل واپس کیا۔ صدر مملکت نے کہا کہ فیصلہ سازی میں تاخیر، میرٹ کی خلاف ورزی، اقربا پروری اور کرپشن نے پاکستان کو کھوکھلا کیا، میڈیا سچے اور ذمہ دارانہ تجزیے اور آرائ پیش کرکے لوگوں کو تعلیم دے۔ صدر نے کہا کہ نئے میڈیا کے عروج کے باوجود پرنٹ میڈیا اب بھی لوگوں کی رائے تشکیل دینے اور اہم مسائل سے آگاہ کرنے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ صدر مملکت نے پاکستان میں اظہار رائے کی آزادی کو برقرار رکھنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔صدر مملکت عارف علوی نے زمان پارک کے باہر پی ٹی آئی کارکنوںاور پولیس کے د رمیان ہونے والے تصادم پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے عمران خان کی گرفتاری کیلئے اٹھائے جانے والے اقدامات کی مذمت کی ہے۔ سماجی رابطے کی سائٹ ٹویٹر پر صدر نے لکھا ’آج کے واقعات پر مجھے دکھ ہوا، یہ معاملات انتقامی سیاست کی غمازی کرتے ہیں‘۔عارف علوی نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ایک طرف عوام معاشی بدحالی کا شکار ہیں اور ملکی معیشت بھی ٹھیک نہیں لہذا حکومت کو ان معاملات کی طرف توجہ مرکوز کرنی چاہیے۔صدر مملکت نے سوال کیا ’کیا ہم سیاسی منظر نامے کو تباہ کررہے ہیں‘۔ انہوں نے عمران خان کے حوالے سے اپنے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا وہ دیگر سیاست دانوں کی طرح عمران خان کی حفاظت، عزت اور وقار کے لیے بھی اسی طرح فکر مند ہیں۔
عارف علوی