• news

عمران نے نیب کیسز پر ’’گائیڈ لائن‘‘ مانگی، انکار کر دیا: ثاقب نثار 


اسلام  آباد (نیٹ نیوز)  سابق چیف جسٹس ثاقب نثار نے کہا ہے کہ عمران خان نے ان سے ملاقات میں نیب کیسز سے متعلق گائیڈ لائن مانگی تھی جس پر انہیں انکار کردیا تھا۔ میرا موجودہ ججزسے کسی قسم کا کوئی رابطہ نہیں۔ عمران خان سے دو ملاقاتیں ہوئیں پہلی ان کی وزارت عظمیٰ کے دور میں اور دوسری بعد میں ہوئی۔ پہلی ملاقات میں عمران خان نے کہا کہ نیب کیسز خراب ہورہے ہیں آپ گائیڈ کریں۔ عمران خان نے کہا شہزاد اکبر کی جگہ اور بندہ بتائیں جو کیسز کو انجام تک لے جائے۔ میں نے عمران  کو انکار کردیا کہ خود فیصلے کریں۔ جبکہ دوسری ملاقات میں عمران خان کوکہا عدلیہ سے متعلق رات 12 بجے والی بات نہ کریں۔ عمران خان کو یہ بھی کہا کہ عدلیہ پر بلاوجہ تنقید کرکے ادارے کو خراب نہ کریں۔ سابق آرمی چیف قمر جاوید باجوہ سے دو ملاقاتیں ہوئیں، پہلی ملاقات میں وہ چندہ دینے آئے تھے جبکہ ان سے دوسری ملاقات کچھ عرصہ پہلے لاہور میں ہوئی۔  انہوں نے کہا کہ وہ لاہور آئے ہیں اور اپنے دوستوں سے ملنا چاہتے ہیں۔ میں نے عمران خان سے جنرل باجوہ سے متعلق بات نہیں کی۔ فیض حمید سے کئی ملاقاتیں ہوچکی ہیں۔ جب چیف جسٹس تھا تو لاپتا افراد کیسز پر فیض حمید سے ملاقاتیں ہوئیں اور بعد میں بھی فیض حمید سے ملاقاتیں ہوئیں۔ مریم نواز اب مجھے بابا ڈیم پکارکر میری تضحیک کررہی ہیں، میرے بچے ہنستے ہیں اورکہتے ہیں کہ (ن) لیگ نے آپ کو پھرسے زندہ کردیا۔ مریم نواز سیاسی فساد اور مخصوص مقاصد حاصل کرنا چاہتی ہیں۔
ثاقب نثار

ای پیپر-دی نیشن