• news

آئی ایم ایف  سے مذاکرات میں پیشرفت: پاکستان کی بیرونی فنانسنگ 6ارب ڈالر کرنے پر اتفاق


اسلام آباد (نمائندہ خصوصی +نیٹ نیوز+ اے پی پی)  پاکستان اورآئی ایم ایف کے درمیان براہ راست قرض کے معاملے پر مذاکرات میں پیشرفت ہوئی ہے۔ ذرائع کے مطابق وزارت خزانہ اور دفترخارجہ کے امریکا اور دیگر ممالک سے رابطوں میں پیشرفت ہوئی۔ وزیر خارجہ اور خزانہ نے آئی ایم ایف کی مشکل شرائط پر دوست ممالک سے مدد کی درخواست کی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز مذاکرات میں وقفے وقفے سے وزیر خزانہ بھی شریک ہوئے جبکہ مذاکرات میں رواں سال بیرونی فنانسنگ 7 ارب ڈالر کے  بجائے 6 ارب ڈالر کرنے پر اتفاق کرلیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق چین سے 2 ارب ڈالر رول اوور کرنے پر بھی بات ہوئی اور چین کی طرف سے 80 کروڑ بھی جلد ملنے کی یقین دہانی کروائی گئی ہے۔ ذرائع نے بتایا سٹیٹ بینک اور آئی ایم ایف حکام ترمیم شدہ ایم ای ایف پی پر بات کرچکے ہیں، اگلے دو دن میں وزارت خزانہ اور آئی ایم ایف ترمیم شدہ ایم ای ایف پی تیارکریں گے، نئی ایم ای ایف پی میں گردشی قرض میں کمی کا شیڈول شامل کرنے کا امکان ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وزارت خزانہ نے ایک مرتبہ پھر اگلے دو روز میں سٹاف لیول معاہدے کے لیے امید ظاہر کی ہے۔اسحاق ڈار سے کینیڈا کی ہائی کمشنر  لیسلی سکینلون نے منگل کو فنانس ڈویژن میں ملاقات کی۔  اسحاق ڈار نے  بتایا کہ دونوں ممالک کے درمیان دوستانہ تعلقات ہیں۔ وزیر خزانہ نے سیلاب متاثرین کے لیے کینیڈین حکومت کے تعاون کو سراہا۔ عالمی اقتصادی صورتحال کے ساتھ ساتھ پاکستان میں حکومت کی معاشی پالیسیوں اور پروگراموں پر تبادلہ خیال کیا۔ تعلقات کو بڑھانے اور تجارت، سرمایہ کاری اور موسمیاتی تبدیلی سمیت متعدد شعبوں میں تعاون پر تبادلہ خیال کیا۔ وزیر خزانہ نے معاشی منظرنامے اور ملک کو درپیش چیلنجز کے ساتھ گزشتہ سال کے تباہ کن سیلاب سے ہونے والے بھاری نقصانات کے بارے میں آگاہ کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت نے اپنے عملی پالیسی فیصلوں سے نہ صرف معاشی زوال کو روکا ہے بلکہ معیشت کو استحکام اور ترقی کی طرف لے جا رہی ہے۔  وزیر خزانہ نے آئی ایم ایف مشن کے ساتھ ہونے والے مذاکرات کے بارے میں بھی آگاہ کیا اور حکومت کے موجودہ آئی ایم ایف پروگرام کو مکمل کرنے اور تمام بین الاقوامی ذمہ داریوں کو پورا کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔  لیسلی سکینلون نے بھی پاکستان اور کینیڈا کے درمیان گہرے دوستانہ تعلقات کے جذبات کا اظہار کیا اور کہا کہ دونوں ممالک بہترین تعلقات کو فروغ دے رہے ہیں۔  تجارت، سرمایہ کاری اور موسمیاتی تبدیلی پر مزید فروغ دینے کی ضرورت ہے۔ اسلام آباد سے نمائندہ خصوصی کے مطابق  آئی ایم  ایف پروگرام کی بحالی کے لئے دوست ممالک کے ساتھ سفارت کاری کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق  وزیر خزانہ نے گذشتہ روز کینیڈا کی ہائی کمشنر سے  اسی سلسلے میں ملاقات کی ہے۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ سٹیٹ بنک اور ائی ایم ایف حکام ترمیم شدہ ایم ای ایف پی پر بات کر چکے ہیں،  اگلے 2 دن میں وزارتِ خزانہ اور آئی ایم ایف ترمیم شدہ ایم آی ایف پی تیار کریں گے۔ ایم ای ایف پی میں گردشی قرض میں کمی کا شیڈول شامل کرنے کا امکان ہے۔ادھر  اسحاق ڈار کی زیر صدارت وزیر اعظم کی طرف سے فارماسیوٹیکل انڈسٹری کے مسائل پر تشکیل دی گئی کمیٹی کا اجلاس ہوا۔ وزیر خزانہ  کو ملک کی معاشی ترقی میں فارماسیوٹیکل انڈسٹری کے کردار کے بارے میں بتایا گیا۔ چیئرمین پی پی ایم اے نے ایل سیز کے مسائل حل کرنے اور پیرا سیٹا مول ادویات کی قیمت مقرر کرنے کے حکومتی فیصلے کو سراہا۔ انہوں نے پاکستانی روپے کی قدر میں کمی کی وجہ سے متاثر ہونے والی ادویات کی قیمتوں میں ایڈجسٹمنٹ سے متعلق ان کے مسائل کو حل کرنے کے لیے حکومت سے تعاون طلب کیا۔ وزیر خزانہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے فارماسیوٹیکل انڈسٹری کے تعاون کا اعتراف کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ موجودہ حکومت معیشت کے مختلف شعبوں کو درپیش آپریشنل مسائل کے حل کے لیے پرعزم ہے۔
 

ای پیپر-دی نیشن