• news

مقبوضہ کشمیر : تلاشی کاروائیاں جاری کئی علاقوں میں پاکستانی آرمی چیف کی تصاویر والے پوسٹر چسپاں


سری نگر (کے پی آئی + اے پی پی) بدنام زمانہ بھارتی تحقیقاتی ادارے این آئی اے نے سرینگر ، پلوامہ ، شوپیاں ،کولگام اور اسلام آباد میں چھاپہ مار کارروائیوں کے دوران شہریوں کو ہراسان کیا۔ جائیداد کی دستاویزات، موبائل فون اور دیگر قیمتی سامان لوٹ لیا۔قابض حکام نے میڈیا کو بتایا ہے کہ این آئی اے نے بھارتی پولیس اور سینٹرل ریزروپولیس فورس کے اہلکاروں کے ہمراہ سرینگر ، پلوامہ ، شوپیاں ،کولگام اور اسلام آباد میں مختلف مقامات پر چھاپے مارے اور تلاشی لی۔سرینگر میں این آئی اے نے کے علاقے صورہ میں جنید احمد تیلی کے گھر پر چھاپہ مارا اور تلاشی لی۔غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر تسلط جموں و کشمیر میں پاکستان کے آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی تصاویر والے پوسٹر مختلف علاقوں میں چسپاں کئے گئے ہیں، پوسٹروں میں کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کرنے اور کشمیریوں کے ناقابل تنسیخ حق خودارادیت کی حمایت کرنے پر ان کا شکریہ ادا کیا گیا ہے۔ دوسری جانب جنوبی کشمیر کے سنٹرل جیل ضلع اسلام آباد میں قید کشمیری حریت پسند محمد اسحاق ملک کے گھر کو بھی قرق کر لیا گیا ہے۔ مقبوضہ جموں و کشمیر پولیس کے خصوصی تحقیقاتی یونٹ (SIU) کی ایک ٹیم نے جنوبی ضلع اسلام آباد میں محمد اسحاق ملک کے گھر کو بحق سرکار ضبط کیا گیا ہے جبکہ سابق وزیر اعلی اور پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کی سربراہ محبوبہ مفتی نے کہا ہے کہ ان کی پارٹی بھارت کو بی جے پی راشٹر بنانے کے اپنے مذموم مقصد کے حصول کیلئے اپوزیشن جماعتوں کے خلاف بھارتیہ جنتا پارٹی کی یلغارپر خاموش نہیں رہے گی۔محبوبہ مفتی نے پونچھ میں ایک جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ لوگوں کے اداس چہرے جموں و کشمیر کی صورتحال کا منہ بولتا ثبوت ہیں جہاں ہزاروں نوجوان جیلوں میں قید اور خوف و دہشت کا ماحول قائم ہے۔
کشمیر 

ای پیپر-دی نیشن