گرین لائن بس: تعمیرات میں بے ضابطگیوں کی انکوائری، ذمہ داروں کیخلاف کارروائی کی جائے: ذیلی کمیٹی
اسلام آباد (نامہ نگار) پی اے سی کی ذیلی کمیٹی میں گرین لائن بس کراچی کی تعمیرات میں اربوں روپے کی بے ضابطگیوں پر کمیٹی نے انکوائری کرکے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کرنے کی ہدایت کردی۔ کمیٹی نے ڈی جی این ایل سی کی عدم موجودگی کے باعث نیشنل لاجسٹک سیل سے متعلق آڈٹ اعتراضات کا جائزہ موخر کرتے ہوئے کہاکہ پی اے سی میں پرنسپل اکائونٹنگ آفیسر نے آنا ہوتا ہے، یہ مناسب نہیں ہے کہ ان کی عدم موجودگی میں کوئی پیرا ڈسکس کیا جائے۔ پی اے سی کی ذیلی کمیٹی کا اجلاس کنوینر برجیس طاہر کی زیر صدارت گزشتہ روز ہوا جس میں وزارت منصوبہ بندی و ترقی سے متعلق سال 2017-18 اور 2018-19 کے آڈٹ اعتراضات کا جائزہ لیا گیا۔ کنوینر کمیٹی برجیس طاہر نے کہا کہ جب پی اے سی کا شیڈول آجائے تو ڈی اے سی نہیں ہونی چاہئے، ڈی اے سی پہلے منعقد کی جانی چاہئے۔