• news

مخدوم جمیل الزماں صدیقی کی خانقاہ ڈوگراں آمد ‘ تاریخی استقبال کیا گیا


شیخوپورہ (نمائندہ نوائے وقت) گزشتہ روز سجادہ نشین درگاہ غوث الحق حضرت مخدوم نوح سرور ہالائی سربراہ سروری جماعت مخدوم جمیل الزماں صدیقی قریشی کا خانقاہ ڈوگراں آمد پر تاریخی استقبال کیا گیا ان کا قافلہ جیسے ہی خانقاہ ڈوگراں موٹروے انٹر چینج پر پہنچا وہاں ہزاروں کی تعداد میں موجود مریدوں نے منوں پھولوں کی پتیاں نچھاور کر کے ان کا استقبال کیا پیر سائیں کو مالائیں پہنائی گئیں دریں اثناء ہزاروں گاڑیوں کے قافلے میں مخدوم جمیل الزماں صدیقی قریشی کو خانقاہ ڈوگراں دربار شریف پر لایا گیا ۔ بعد ازاں انہوں نے چیف خلیفہ سروری جماعت پنجاب حاجی میاں مشتاق حسین ڈوگر کے ہمراہ ولی کامل حضرت بابا حاجی دیوان ؒ کے سالانہ عرس کی تین روزہ تقریبات کا افتتاح کیا چادر پوشی اور فاتحہ خوانی کے بعد دربار شریف پر ہزاروں مریدین، عقیدت مندوں اور شہریوں سے خطاب کرتے حضرت مخدوم جمیل الزماں صدیقی قریشی نے کہا کہ اپنی زندگیوں کو اللہ اور اس کی مخلوق کو راضی کرنے کیلئے وقف کرلیں نماز کی پابندی کریں۔ حقوق اللہ اور حقوق العباد کی ادائیگی کو اپنا شعار بنائیں اور بدعت سے بچیں۔ یہ زندگی عارضی ہے اچھے اعمال ہی ہماری بخشش اور نجات کا ذریعہ بنیں گے کلمہ طیبہ کے ورد کو معمول بنائیں ۔

ای پیپر-دی نیشن