• news

عمران کی روش  باغیانہ عدالتیں ریاست مضبوط کریں : ٖفضل الرحمان


اسلام آباد (نامہ نگار) پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) اور جمیعت علماء اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ عمران خان نے ریاستی رٹ کے حوالے سے باغیانہ روش اختیار کر رکھی ہے۔ ریاست کو اپنی رٹ قائم کرنے کے لئے اپنے تمام تر وسائل بروئے کار لانے چاہیئں۔ وہ بدھ کو یہاں پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ اس وقت لاہور میں جو کچھ ہورہا ہے وہ سب کے سامنے ہے، عمران خان نے ملک کو ایک کلچر دیا ہے جس کا ایک ہی مقصد ہے کہ ریاست اور ریاستی اداروں کو کمزور کرو۔ آج اس نے پوری پارٹی کو ریاست کے خلاف کھڑا کر دیا ہے۔ عدالتوں کو چاہیے کہ وہ ریاست کو مضبوط کریں۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کمزور ہونے سے باغیوں کو حوصلہ ملے گا۔ ریاست مدینہ کی بات کرنے والے آج خود قانون سے بھاگ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان گھر میں چھپ کر خواتین، بچوں اور نوجوانوں کو ڈھال بنا کر ریاست کو کمزور کرنے کے ساتھ ساتھ دنیا کو مثال دی کہ ہمارے سامنے کوئی ادارہ اہمیت نہیں رکھتا۔ انہوں نے کہا کہ یہ بتایا جائے کہ لاہور میں جو تربیت یافتہ لوگ ریاست کے خلاف لڑ رہے ہیں ان کی تربیت کہاں ہوئی ہے؟۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کے دیئے گئے کلچر میں حیا، عزت، آبرو نہیں ہے۔ سی آئی اے کا نمائندہ زلمے خلیل زاد عمران خان کے حق میں ٹویٹ اور احتجاج کر رہا ہے۔ پی ٹی آئی سیاسی جماعت نہیں ایک گروہ ہے ، ان کے ایجنڈے کو ہم کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ فاٹا اور پورے کے پی کے میں امن و امان قابو میں نہیں ہے، مردم شماری کے حوالے سے بھی ایشوز ہیں، ایسے میں الیکشن کی کیا حیثیت ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کے پاس پرامن الیکشن کے انعقاد کے لئے فنڈز ہیں بھی کہ نہیں، یہ سوچنا چاہیے کہ ریاست اول ہے یا عمران خان؟۔ انہوں نے کہا کہ اسمبلیاں عمران خان نے توڑی ہیں کسی گورنر نے نہیں توڑیں۔ اس کا بھی جائزہ لینا چاہیے کہ عمران خان کے فیصلے درست تھے یا نہیں تھے۔
 فضل الرحمان

ای پیپر-دی نیشن