قانون شکنی کرنے والوں کے خلاف قانون اپنا راستہ بنائے گا : محسن نقوی
لاہور ( نیوز رپورٹر) نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی علی الصبح ایک بار پھر سروسز ہسپتال پہنچ گئے ،وزیراعلی محسن نقوی نے پی ٹی آئی کارکنوں کے پتھرائو سے زخمی ڈی آئی جی آپریشنز اسلام آباد شہزاد بخاری اور دیگر پولیس اہلکاروں سے ملاقات کی۔ چیف سیکرٹری پنجاب بھی وزیر اعلی محسن نقوی کے ہمراہ تھے۔محسن نقوی نے زخمی ڈی آئی جی شہزاد بخاری،ایس ایچ او اشفاق ،ایس ایچ او شبیر اعوان اور دیگر اہلکاروں کی عیادت کی۔محسن نقوی فردا فردا زخمی پولیس افسروں اور اہلکاروں کے پاس گئے اور ان کی خیریت دریافت کی ۔ وزیر اعلی محسن نقوی نے زخمی ڈی آئی جی ،ایس ایچ اوز اور اہلکاروں کے بلند حوصلے کو سراہا ۔محسن نقوی نے کہا کہ زخمی ایس ایچ اوز اوراہلکاروں کو علاج معالجے کی بہترین سہولتیں فراہم کی جائیں، ہم سب آپ کی جلد صحت یابی کیلئے دعا گو ہیں، پنجاب حکومت پولیس کے افسروں اور جوانوں کے ساتھ کھڑی ہے۔سیاسی کارکنوں کی اشتعال انگیزی اور پتھرائوکے باوجود پولیس فورس نے تحمل کا مظاہرہ کیا، پولیس فورس کے افسر اور جوان فرض کی ادائیگی کے دوران زخمی ہوئے ، ہماری تمام تر ہمدردیاں زخمی پولیس افسروں اور اہلکاروں کے ساتھ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قانون شکنی کرنے والوں کے خلاف قانون اپنا راستہ بنائے گا۔
محسن نقوی