سینٹ گولڈن جوبلی : قومی رہنمائی کیلئے ایوان اہم سنجرانی مسائل کا حل جمہوریت سپیکر
اسلام آباد (خبر نگار‘ این این آئی) سینٹ کی گولڈن جوبلی اور 50 ویں سالگرہ کے موقع پر کمیٹی آف ہول سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین سینٹ صادق سنجرانی نے کہا ہے کہ قومی رہنمائی اور داخلی و خارجی محاذوں پر قومی راستے کو برقرار رکھنے کیلئے ایوان بالا کا کردار انتہائی اہم ہے۔ سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے اپنے خطاب میں تمام مسائل کا حل جمہوریت کی مضبوطی کو قرار دیا اور کہا کہ ایوان کو مضبوط کرنے کی ضرورت ہے۔ اس موقع پر وزیرخزانہ اسحاق ڈار نے کہا کہ ملکی ترقی و خوشحالی پارلیمانی نظام کے تسلسل اور مالیاتی نظم و نسق میں ہے۔ ایوان نے 1973ء کے آئین کے معماروں کو خراج تحسین بھی پیش کیا اور پاکستان کے آئینی ارتقاء پر روشنی ڈالی گئی۔ چیئرمین سینٹ صادق سنجرانی نے کہا ہے کہ سینیٹ کی گولڈن جوبلی 1973 ء کے آئین کے معماروں کے اعتراف اور خراج تحسین کا ایک مناسب موقع ہے، جنہوں نے پاکستان کی تخلیق کے بنیادی مقاصد میں سے ایک کے مطابق سینٹ کا تصور پیش کیا۔ چیلنجوں کے باوجود پاکستان کا آئینی سفر پاکستان کے عوام اور ان کے منتخب نمائندوں کی جمہوریت، انسانی اور اقلیتی حقوق، سماجی انصاف، مساوات اور صوبائی خودمختاری کے اصولوں سے مسلسل وابستگی کی عکاسی کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک قدم آگے بڑھتے ہوئے پاکستان کی پارلیمان کا ایوان بالا ہمیشہ ہمارے جمہوری، سماجی، اقتصادی، تزویراتی، سلامتی، خارجہ پالیسی، ملکی اور بین الاقوامی محاذوں پر ہمارے قومی راستے کو برقرار رکھنے کے لئے اہم کردار ادا کرتا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مجھے یہ جان کر خوشی ہوئی کہ قومی، علاقائی اور بین الاقوامی چیلنجوں اور سیاسی انتشار کے باوجود سینٹ نے عوام پر مبنی قانون سازی کے ذریعے محروم اور پسماندہ علاقوں کو آواز دی اور چوکس نگرانی کی۔ سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ 1973ء کا آئین ملک کی تمام اکائیوں کو آپس میں جوڑتا ہے، سینٹ آف پاکستان کا قیام بھی 1973ء کے آئین کے تحت عمل میں آیا، تمام مسائل کا حل جمہوریت کی مضبوطی میں پنہاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ اجلاس ہمیں پارلیمانی نظام کی کامیابیوں سے لطف اندوز ہونے اور مستقبل کے حوالہ سے حکمت عملی وضع کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 1973ء کے آئین کے تحت سینٹ آف پاکستان کا قائم ہونا خوش آئند لمحہ تھا، 18ویں ترمیم کے تحت وزیراعظم اور وفاقی کابینہ سینٹ میں جوابدہ ہیں، پبلک اکائونٹس کمیٹی میں سینیٹرز کی شمولیت اہم سنگ میل ہے، قانون سازی اور احتساب میں وفاقی اکائیوں کو مساوی نمائندگی حاصل ہے۔ اس موقع پر چیئرمین سینٹ محمد صادق سنجرانی نے سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف کو یادگاری میڈل پیش کیا۔ وزیرخزانہ اسحاق ڈار نے اپنے خطاب میں کہا کہ سینٹ آف پاکستان وفاق کی علامت اور تمام اکائیوں میں اتحاد و یکجہتی کیلئے نمایاں کردار کا حامل ہے۔ سینٹ کی گولڈن جوبلی کے موقع پر ہمیں ان صاحب بصیرت لیڈروں اور قانون سازوں کو بھی یاد رکھنا چاہئے جنہوں نے 1973ء کا آئین دیا اور اس میں تمام صوبوں کو ایوان بالا میں رقبہ اور آبادی سے بالاتر ہوکر یکساں نمائندگی دی۔
سینٹ گولڈن جوبلی