• news

عمران  کی زند گی کو خطرہ پر سخت تشویش ہے: پرویز الٰہی 


لاہور (نوائے وقت رپورٹ) سابق وزیراعلیٰ پنجاب و مرکزی صدر پاکستان تحریک انصاف چودھری پرویزالٰہی سے ڈنمارک کے اہم سیاسی رہنما چودھری شوکت علی کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی۔ اس موقع پر سابق وفاقی وزیر چودھری وجاہت حسین، چودھری موسیٰ الٰہی، سابق وفاقی وزیر زرتاج گل، سابق ایم پی اے وسیم خان بادوزئی، چودھری تصدق حسین مشیر سابق وزیراعلیٰ پنجاب جلالپور جٹاں، ملک ریاض احمد شامپور کھوکھراں، سید نصیر بخاری، بلال کھوکھر، شبینہ گل اور محمود بھٹی ملاقات میں شریک تھے۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ ن لیگ اور پنجاب کی کٹھ پتلی حکومت الیکشن کے خوف سے پاگل ہو چکے ہیں، رانا ثناء اللہ اور محسن نقوی زمان پارک کی ناکہ بندی کر کے نہتے شہریوں اور سیاسی کارکنوں کے خون کی ہولی کھیل رہے ہیں۔ رانا ثناء اللہ پولیس فورس کے سربراہ ہیں، ان کی طرف سے عمران خان کو روزانہ اعلانیہ دھمکیاں دی جا رہی ہیں، رانا ثناء اللہ کو نواز شریف اور مریم نواز کی طرف سے براہ راست ہدایات دی جا رہی ہیں۔ ان حالات میں چیئرمین عمران خان کی زندگی خطرے میں ہے اور بطور صدر تحریک انصاف مجھے اس پر سخت تشویش ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان اس وقت صرف پاکستان ہی نہیں بلکہ پوری دنیا کے مسلمانوں کے لیڈر ہیں لہٰذا ہم یہ مسئلہ عالمی سطح پر اٹھانے پر بھی غور کر رہے ہیں۔ امریکی نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد نے زمان پارک میں عمران خان کے گھر پر حملہ کی مذمت کر کے عالمی برادری میں پی ڈی ایم کی حکومت کا فاشسٹ چہرہ بے نقاب کر دیا ہے۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ محسن نقوی بطور نگران وزیراعلیٰ اپنی ذمہ داری بھلا کر پوری طرح رانا ثناء اللہ کے چیلے بن چکے ہیں، وہ لاقانونیت کی ساری حدیں پار کر چکے ہیں۔ الیکشن کے بعد پنجاب میں عمران خان کی حکومت قائم ہوتے ہی رانا ثناء اللہ اور محسن نقوی دونوں کو مجرموں کے کٹہرے میں کھڑا کر یں گے اور قانون ان کے خلاف اپنا راستہ لے گا۔

ای پیپر-دی نیشن