مقبو ضہ کشمیر : محا صرے تلا شی کا رروا ئیاں جا ری ، مزید 2نو جوان گرفتار
سری نگر جموں (کے پی آئی + اے پی پی) بھارتی فورسز نے محاصرے اور تلاشی کارروائی میں شمالی کشمیر سے دو نوجوانوں کو گرفتار کر لیا ہے۔ بدھ کے روز بھارتی فوج کی 29 راشٹریہ رائفلز نے شمالی کشمیر میں ضلع بارہمولہ میںسنگھ پورہ پٹن میں علی محمد بٹ نامی نوجوان کو گرفتار کر لیا۔ پولیس نے دعوی کیا ہے کہ اس کا تعلق عسکری تنظیم سے ہے ادھر سوپور قصبے میں ایک اور بے گناہ کشمیری نوجوان اویس احمد میر کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں ایک نوجوان کی لاش برآمد ہوئی ہے۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق قریباً ایک 25 سالہ نوجوان کی نعش جموں شہر کے ریلوے سٹیشن کے قریب واقع ایک ہوٹل عمارت کے عقب سے برآمد ہوئی۔ جبکہ بانڈی پورہ میں دو لڑکوں نے خودکشی کی کوشش کی ایک کو بچا لیا گیا جبکہ ایک نہ بچایا جا سکا۔ سمبل گائوں میں ایک نوجوان لڑکے نے اپنے گھر میں پھانسی لگا کر خودکشی کر لی۔ دوسری جانب بھارتی تحقیقاتی ایجنسی این آئی اے کے بعد بھارتی افنورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے مقبوضہ کشمیر کے چار اضلاع میں 10 مقامات پر چھاپے مارے ہیں۔ ای ڈی حکام کے مطابق ایم ڈی کے سری نگر زونل دفتر نے منی لانڈرنگ کی روک تھام کے قانون (پی ایم ایل اے) کی دفعات کے تحت سری نگر، بڈگام، کپواڑہ اور اننت ناگ اضلاع میں 10 مقامات پر تلاشی لی۔ پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی ) کی صدر محبوبہ مفتی نے کہا کہ اس وقت مقبوضہ علاقے میں جو صورتحال ہے وہ سب کے سامنیہے، یہاں کشمیریوں کو نوکریوں میں ہونے والی دھاندلیوں پر بھی بات کرنے کا حق نہیں ہے ۔کشمیر میڈیاسروس کے مطابق محبوبہ مفتی نے جموں خطے کے ضلع راجوری میں ایک اجتماع سے خطاب میں کہا کہ نوکریوں میں بڑے پیمانے پر دھاندلیاں ہو رہی ہیں لیکن اس پر بھی ہمیں بات نہیں کرنے دی جا رہی۔مقبوضہ کشمیر میں بھارتی پیرا ملٹری فورس کی گاڑی روڈ حادثے کے نتیجے میں الٹ گئی، جس میں پانچ افسر زخمی ہو گئے ہیں جن میں سے دو کی حالت نازک ہے۔ جموں کے علاقے ٹکری میں بھارت کی پیرا ملٹری فورس سی آر پی ایف کے افسران و اہلکار فوجی گاڑی میں گشت پر تھے۔ اس دوران ایک تیز رفتار ٹرک بھارتی فوج کی گاڑی سے ٹکرا گیا۔ افسران اور اہلکار بدحواس ہو گئے اور انہوں نے سمجھا کہ یہ خود کش حملہ ہے۔