پی ٹی آئی رہنما عامر کیانی کی حفاظتی ضمانت منظور، شہرام خان کے خلاف مقدمہ خارج
اسلام آباد (وقائع نگار) اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق کی عدالت نے تحریک انصاف کے رہنماء و سابق ممبر قومی اسمبلی عامر محمود کیانی کی10روزہ حفاظتی ضمانت منظورکرتے ہوئے گرفتاری سے روک دیا۔ درخواست میں عامر کیانی کے بیٹے فہد کیانی کی بھی حفاظتی ضمانت کیلئے استدعاکی گئی۔ عامر کیانی کے خلاف راولپنڈی اینٹی کرپشن میں مقدمہ درج ہے۔ ڈسٹرکٹ کورٹس سے پاکستان تحریک انصاف کے رہنماء عامر مغل کی عبوری ضمانت منظور جبکہ گرفتار18 کارکنان کو جوڈیشل کردیا گیا۔ عدالت نے20 ہزار روپے مالیتی مچلکوں کے عوض ضمانت منظور کرتے ہوئے پولیس کو 25 مارچ تک گرفتاری سے روک دیا، اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس طارق محمود جہانگیری کی عدالت نے تحریک انصاف کے رہنماء شہرام خان کے خلاف 25 مئی 2022ء لانگ مارچ کے نتیجے میں درج ایف آئی آر خارج کرنے کا حکم دے دیا۔ درخواست گزار کے وکیل نعیم حیدر، ڈی ایس پی لیگل ریاض اور دیگر عدالت میں پیش ہوئے۔ ڈی ایس پی لیگل نے شہرام خان ترکئی کے خلاف ثبوت میں یو ایس بی پیش کر دی۔ جس پر عدالت نے برہمی کا اظہارکرتے ہوئے ریمارکس دیے کہ استغاثہ بس ہر مقدمے میں یو ایس بی پیش کر رہی ہے، یہ اسلام آباد پولیس کی نااہلی کو ظاہر کرتا ہے۔ عدالت نے استفسار کیاکہ یو ایس بی کی ٹرانسکرپٹ کہاں ہے؟، جس پر استغاثہ یو ایس بی کا ٹرانسکرپٹ فراہم نہ کر سکا، جس پر عدالت نے شہرام خان کے خلاف درج مقدمہ خارج کرنے کا حکم دے دیا۔