اخبارات، رسائل قرآن پاک کی تعظیم کو ممکن بنائیں: وفاقی حکومت
اسلام آباد (خبر نگار خصوصی) وفاقی حکومت نے اخبارات اور رسائل کو ہدایت کی ہے کہ قرآن پاک کی تعظیم کو سختی سے ممکن بنایا جائے۔ قران حکیم کے کسی نسخے یا اقتباس کی جان بوجھ کر بے حرمتی کی سزا عمر قید ہے۔ وزارت اطلاعات و نشریات نے پبلیکیشنز کو لکھے گئے خط میں کہا ہے کہ اخبارات میں شائع ہونے کے بعد قرآنی آیات اور ان کے تراجم کی بے حرمتی ہوتی ہے۔ پاکستان پینل کوڈ 295 بی کی شق XV کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ قرآن پاک کے نسخے یا اس کے کسی بھی اقتباس کی جان بوجھ کر بے حرمتی کرنا یا اسے کسی توہین آمیز طریقے یاکسی غیر قانونی مقصد کے لئے استعمال کرنا جرم ہے وزارت اطلاعات نے اسلامی نظریاتی کونسل سے درخواست کی ہے کہ اس حوالے سے رہنما اصول جاری کئے جائیں۔ کونسل نے دلیل دی ہے کہ اشتہارات میں قرآنی آیات اور مقدس ناموں کو شائع کرنے میں کوئی حرج نہیں کیونکہ اس کامقصد عوام تک معلومات کو پہنچانا ہے۔ اس ضمن میں پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ نے آل پاکستان نیوز پیپر سوسائٹی (اے پی این ایس)، کونسل آف پاکستان نیوز پیپر ایڈیٹرز (سی پی این ای) اور پاکستان براڈ کاسٹرز ایسوسی ایشن کے ساتھ اجلاس منعقد کئے تاکہ میڈیا نمائندوں کو اس حوالے سے آگاہ کیا جا سکے۔