• news

لاہور میں امن و امان کی صورتحال پر سپریم کورٹ بار، ایمنسٹی کا اظہار تشویش  ہائیکورٹ بار کی مذمتی قرارداد منظور 


اسلا م آباد ؍لاہور (خصوصی رپورٹر+نوائے وقت رپورٹ+خبر نگار) لاہور ہائیکورٹ بار نے زمان پارک میں تشدد اور شیلنگ کے خلاف مذمتی قرارداد منظور کر لی۔ بار نے حکومت سے فوری طور پر تشدد اور شیلنگ روکنے کا مطالبہ کر دیا۔ قرارداد میں کہا گیا ہے کہ عوام پر تشدد معاشرے میں انتشار پھیلا رہا ہے، اس معاملے پر وکلا عوام کے ساتھ ہیں۔ جبکہ ایمنسٹی انٹرنیشنل نے لاہور میں امن و امان کی صورتحال پر اظہار تشویش کیا ہے۔ ایمنسٹی  نے کہا ہے کہ امن کے اقدامات میں عالمی انسانی حقوق قوانین نظر انداز نہ ہوں، اتھارٹیز پر انسانی حقوق کے عالمی قانون کی پاسداری لازم ہے۔ دوسری جانب سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن نے لاہور میں کشیدہ صورتحال پر تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن نے کہا ہے کہ عمران خان کیخلاف طاقت کے استعمال کی مذمت کرتے ہیں۔ اعلامیہ کے مطابق آئین جمہوریت اور قانون کی حکمرانی میں تشدد ناقابل قبول ہے، جس انداز میں وارنٹ گرفتاری کی تعمیل کرائی جا رہی ہے خلاف قانون ہے۔ ہر شخص شفاف ٹرائل اور قانون کے مطابق برتاؤ کا حقدار ہے۔ قانون نافذ کرنے والے طاقت کے استعمال سے اجتناب کریں۔ شہریوں  پر بھی لازم ہے کہ وہ عوامی املاک کو نقصان نہ پہنچائیں۔ تمام اداروں پر لازم ہے انتخابات کیلئے سپریم کورٹ کے فیصلے پر عمل کریں اور الیکشن کمشن کی معاونت کریں۔ امن و امان کی صورتحال کو خراب نہ کیا جائے، انتخابات کیلئے فنڈز فراہم نہ کرنا آئین کی کھلی خلاف ورزی ہے۔  تمام سٹیک ہولڈرز ملکی مفاد کی خاطر مل بیٹھ کر نکالیں۔ سپریم کورٹ بار آئین قانون کی حکمرانی اور عدالتی فیصلوں کے ساتھ ہے۔

ای پیپر-دی نیشن