نامعلوم افراد کی فائرنگ‘سی آئی اے اہلکار زخمی ‘ہسپتال داخل
لاہور(نامہ نگار)شادباغ کے علاقے میں نامعلوم افراد نے سی آئی اے اہلکار کو فائرنگ کر کے زخمی کر دیا اور فرار ہو گئے ہیں۔ پولیس نے زخمی اہلکار کو ہسپتا ل منتقل کر کے ملزمان کی تلاش شروع کر دی ہے۔ سی آئی اے کوتوالی میں تعینات اے ایس آئی عمران ڈیوٹی سے فارغ ہو کر گھر واپس جا رہا تھا کہ شادباغ کے علاقے شیر شاہ روڈ کے قریب نامعلوم موٹرسائیکل سواروں نے اس پر اندھا دھند فائرنگ کر دی۔ جس کے نتیجے میں 3گولیاں لگنے سے عمران جٹ شدید زخمی ہو گیا جبکہ ملزمان موقع سے فرار ہو گئے ہیں۔واقعہ کی اطلاع پر مقامی پولیس نے موقع پر پہنچ کرزخمی اہلکار کو ہسپتال منتقل کر کے نامعلوم ملزمان کی تلاش شروع کر دی ہے ۔