ایٹمی اور میزائل پر وگرام قومی اثاثہ ریاست ہر طرح حفاظت کی ذمہ دار : وزیر اعظم آفس
اسلام آباد (خبرنگار خصوصی) وزیراعظم آفس نے پاکستان کے جوہری اور میزائل پروگرام کے حوالے سے سوشل اور پرنٹ میڈیا میں گردش کرنے والے حالیہ تمام بیانات کو مسترد کر دیا۔ وزیراعظم آفس سے جاری بیان میں کہا ہے کہ پریس ریلیزز‘ سوالات اور مختلف دعووں پرامن ایٹمی پروگرام کے حوالے سے بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی (آئی اے ای اے) کے ڈی جی رافیل مارپائو گروسی کے معمول کے دورے کو منفی رنگ دیا جارہا ہے۔ اس تناظر میں یہ واضح کیا جاتا ہے کہ پاکستان کا ایٹمی اور میزائل پروگرام ایک قومی اثاثہ ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ ریاست پاکستان ہر طرح سے اس پروگرام کی حفاظت کی ذمہ دار ہے۔ یہ پروگرام مکمل طورپر محفوظ‘ فول پروف اور کسی بھی دبائو سے ماورا اور آزاد ہے۔ وزیراعظم آفس نے مزید کہا کہ یہ پروگرام اس مقصد کو ہر طرح سے پورا کرتا ہے جس کیلئے یہ صلاحیت تیار کی گئی تھی۔
ایٹمی پروگرام/ وزیراعظم آفس