زرمبادلہ ذخائر 9.37 کروڑ بڑھ گئے چین سے 50 کروڑ ڈالر جلد ملیں گے: ڈار
کراچی (کامرس رپورٹر+ نمائندہ خصوصی) گزشتہ ہفتہ کے دوران ملکی زرمبادلہ کے مجموعی ذخائر میں 9 کروڑ 37 لاکھ ڈالرز کا اضافہ ہوا جبکہ مرکزی بنک کے ذخائر 1 کروڑ 80 لاکھ ڈالر بڑھ گئے۔ مرکزی بنک کی جانب سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق ملکی زرمبادلہ کے مجموعی ذخائر 9 ارب 75 کروڑ 40 لاکھ ڈالرز سے بڑھ کر 9 ارب 84 کروڑ 68 لاکھ ڈالرز کی سطح پر ریکارڈ کئے گئے۔ 10 مارچ کو ختم ہونے والے ہفتہ پر مرکزی بنک کے ذخائر بڑھ کر 4 ارب 30 کروڑ 10 لاکھ ڈالرز سے بڑھ کر 4 ارب 31 کروڑ 91 لاکھ ڈالرز جبکہ کمرشل بنکوں کے ذخائر 7 کروڑ 47 لاکھ ڈالرز کے اضافے سے 5 ارب 52 کروڑ 77 لاکھ ڈالرز کی سطح پر ریکارڈ کئے گئے۔ دوسری طرف وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ چین سے مزید 50 کروڑ ڈالر کے حصول کیلئے دستاویزی کارروائی مکمل کر لی گئی ہے۔ ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ چین کی جانب سے 50 کروڑ ڈالر فنڈز جلد سٹیٹ بنک آف پاکستان کو جاری ہو جائیں گے۔
زرمبادلہ ذخائر