پی ٹی آئی کے 9 سابق وزرائ‘ ایم پی ایز 28 مارچ کو اینٹی کرپشن میں طلب
لاہور (خبر نگار) تحریک انصاف کے 9سابق صوبائی وزراء اور ممبرز صوبائی اسمبلی نے سڑکوں کی تعمیر و مرمت کی مد میں 30کروڑ روپے سے زائد رقم خردبردکی۔ ڈائریکٹر جنرل اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ پنجاب سہیل ظفر چٹھہ نے بتایاکہ کرپشن میں ملوث ارکان صوبائی اسمبلی میں چوہدری عادل پرویز گجر، ملک عمر فاروق، چوہدری علی اختر، میاں وارث، محمد لطیف نذیر، محمد شکیل شاہد، سابق صوبائی وزیر اجمل چیمہ، چوہدری ظہیرالدین اور خیال کاسترو شامل ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ تحریک انصاف کے 9سابق وزراء اور ممبرز صوبائی اسمبلی کو 28مارچ کو اینٹی کرپشن پنجاب نے طلب کیا ہے جبکہ ایکسیئن ہائی وے سرمد اختر لنگڑیال کو اینٹی کرپشن فیصل آباد ریجن نے 17مارچ کو طلب کیا ہے۔ سہیل ظفر چٹھہ نے کہاکہ تحریک انصاف کے سابق وزراء اور ممبرز صوبائی اسمبلی نے سرکاری فنڈز خوردبرد کرنے کیلئے ایکسیئن اختر لنگڑیال کی پوسٹنگ کیلئے باقاعدہ مراسلہ لکھا جس پر تمام وزراء اور ممبرز صوبائی اسمبلی کے دستخط موجود ہیں۔ ڈی جی اینٹی کرپشن نے مزید کہاکہ کرپٹ مافیا اور سرکاری فنڈز کا ناجائز استعمال کرنے اور ٹھیکیوں کی مد میں کک بیکس وصول کرنے والے افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ دوسری طرف سابق صوبائی وزیر ایکسائز حافظ ممتاز احمد کو رشوت لیکر پٹواری بھرتی کرنے‘ لوکل گورنمنٹ میں پختہ سڑکوں کی تعمیر میں گھپلوں کے معاملے میں طلبی کا تیسرا نوٹس جاری کر دیا ہے۔ سابق صوبائی وزیر کو 17 مارچ صبح گیارہ بجے ریکارڈ کے ہمراہ پیش ہونے کا نوٹس دیا گیا ہے۔