پاکستان کی پہلی ڈیجیٹل مردم شماری ترقی میں اہم کردار ادا کرے گی: چیف کمشنر
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) چیف مردم شماری کمشنر ڈاکٹر نعیم الظفر نے کہا ہے کہ پاکستان ادارہ شماریات ملک کی تاریخ میں پہلی بار ڈیجیٹل طور پر ساتویں خانہ ومردم شماری کر رہا ہے جس کا مقصد ایسی معلومات اکٹھا کرنا ہے جو منصوبہ بندی اور ترقی اہم کردار اداکرے گی۔ مردم شماری کا آخری مرحلہ گنتی 4 اپریل 2023 تک جاری رہے گی، پی بی ایس نے مردم شماری کے ضلعی سطح پر 495 مردم شماری سپورٹ سینٹرز (سی ایس سی) اور تحصیل کی سطح پر 495 مردم شماری سپورٹ سینٹرز (سی ایس سی) قائم کیے ہیں جہاں نادرا اور پی بی ایس ٹیم کے 1095 آئی ٹی ماہرین تکنیکی مدد اور فیلڈ سٹاف کی سہولت کے لیے 24 گھنٹے دستیاب ہیں۔ پورے ملک کو ایک لاکھ 85 ہزار 509 بلاکس میں تقسیم کیا گیا ہے،2017 کی مردم شماری میں 1 لاکھ 29 ہزار 250 بلاکس تھے۔ رواں شماریات کو مردم شماری کے ساتھ معاشی شماری بھی کہہ سکتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہاکہ مردم شماری مکمل کرنے کی ڈیڈ لائن 31 مارچ 2023 رکھی گئی تھی، فیلڈ میں گئے تو ہمیں اپنے بلاکس بڑھانے پڑے، ایک لاکھ 83 ہزار 48 بلاکس میں لسٹنگ شروع کی جاچکی ہے، ایک لاکھ 67 ہزار 578 بلاکس میں لسٹنگ مکمل کی جاچکی ہے ،2464 ایسے بلاکس ہیں جہاں لسٹنگ اپ ڈیٹ نہیں ہوئی 2039 بلاکس میں لسٹنگ نہیں ہوئی ۔ انہوں نے کہا کہ 201 بلاکس میں سکیورٹی صورتحال کی وجہ سے لسٹنگ ممکن نہیں ہے ،کراچی ڈسٹرکٹ ایسٹ کے 200 بلاکس میں لسٹنگ نہیں ہوسکی ،کراچی میں کل 16ہزار بلاکس ہیں۔انہوں نے کہا کہ بلڈنگ سٹرکچر میں 4 کروڑ رجسٹرڈ ہوچکے ہیں ،ان میں گھر مساجد سکول دکانیں شامل ہیں ،80 لاکھ کے قریب گھروں کو شمار کیا گیا ہے،80 لاکھ گھروں کی آبادی 4 کروڑ 73 لاکھ تھی ۔انہوں نے کہا کہ یہ بات قابل ذکر ہے کہ یکم مارچ سے 10 مارچ 2023 تک ملک بھر میں ڈھانچوں کی فہرست سازی کے مرحلے کے دوران تمام رہائشی اور اقتصادی اکائیوں کو بین الاقوامی معیار کے مطابق معاشی سرگرمیوں کی درجہ بندی کے ساتھ جیو ٹیگ کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خود شماری پورٹل کو ان لوگوں کی طرف سے بہت پذیرائی ملی جنہوں نے پورٹل کا استعمال کرتے ہوئے خود کو شمار کروایا اگر چہ یہ طریقہ اختیاری تھا۔خود شماری پورٹل سے حاصل ہونے والییو ٹی این کا استعمال کرتے ہوئے فیلڈ میں گنتی کے مرحلے کے دوران ڈیٹا کی تصدیق کی جا رہی ہے۔سی ایس سی کی سطح پر کنٹرول روم قائم کیا گیا ہے جو فیلڈ آپریشن کے دوران مردم شماری کے فیلڈ سٹاف کو سہولت فراہم کرتا ہے اور اس مقصد کے لیے نادرا کی ٹیکنیکل ٹیمیں آئی ٹی سے متعلق تمام مسائل کے ازالے کے لیے دستیاب ہیں۔ایک کال سینٹر 24/7کام کر رہا ہے تاکہ سہولت، مدد اور تجاویز کے لیے ٹول فری نمبر 57574-0800 پر رابطہ کیا جا سکے۔ شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے اسٹیک ہولڈر کے خدشات دور کرنے کے لیے پہلے ہی مختلف اقدامات کیے جا چکے ہیں۔
چیف مردم شماری