• news

سکیورٹی اداروں کی کارروائیاں‘ آدم خیل سے 2 دہشت گرد گرفتار‘ چمن سے اسلحہ برآمد


اسلام آباد‘ درہ آدم خیل (خبر نگار خصوصی‘ آئی این پی) محکمہ انسداد دہشت گردی خیبر پی کے نے درہ آدم خیل سے کالعدم تنظیم سے تعلق رکھنے والے دو دہشت گردوں کو گرفتار کر لیا۔ ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق دہشت گردوں کے خلاف خفیہ اطلاع پر آپریشن کیا گیا۔ دہشت گرد تھانہ جنگل خیل حملے سمیت مختلف کارروائیوں میں ملوث تھے۔ دوسری طرفسکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر چمن کے علاقے بوغرہ روڈ پر دہشت گردوں کے مشتبہ ٹھکانے سے بڑی مقدار میں اسلحہ اور دھماکہ خیز مواد برآمد کر لیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق انٹیلی جنس انفارمیشن کی بنیاد پر علاقے کی مسلسل نگرانی کے کی گئی، مذکورہ دہشت گرد گروہ چمن کے علاقے میں قانون نافذ کرنے والے اداروں اور شہریوں پر فائرنگ کے حالیہ واقعات کے علاوہ آس پاس کے علاقوں میں دیسی ساختہ بم نصب کرنے میں بھی ملوث تھا۔ دہشت گردوں کے ٹھکانے کی نشاندہی کی گئی اور سی ٹی ڈی کے ساتھ سکیورٹی فورسز کا مشترکہ آپریشن کیا گیا۔ دہشت گردوں کے ٹھکانے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود کا ایک بڑا ذخیرہ جس میں راکٹ، دیسی ساختہ بم اور دیگر آلات برآمد کر لئے گئے تاہم دہشتگرد موقع سے فرار ہو گئے۔

ای پیپر-دی نیشن