ڈالر کی قیمت ایک روپیہ کم، سونا 1100 روپے تولہ مہنگا ہو گیا
کراچی (کامرس رپورٹر) سٹیٹ بینک آف پاکستان کے مطابق جمعرات کو 43 پیسے کمی سے انٹر بینک میں ڈالر کی قدر 282.85روپے سے گھٹ کر 282.42روپے ہو گئی۔ فاریکس ایسوسی ایشن آف پاکستان کی رپورٹ کے مطابق جمعرات کو مقامی اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کی قدر 1روپے کی کمی سے 286روپے سے کم ہو کر 285روپے ہو گئی۔ یورو کی قدر1 روپے کی کمی سے 300روپے اور برطانوی پاؤنڈ کی قیمت فروخت بھی 1روپیہ کم ہو کر 341روپے پر رہی۔ سعودی ریال 10پیسے کم ہو کر 75.50روپے رہ گیا اور یو اے ای درہم 77.50روپے پر برقرار رہا۔ دوسری طرف عالمی مارکیٹ میں گزشتہ روز سونے کی فی اونس قیمت 2ڈالر اضافہ سے 1926ڈالرز فی اونس کی سطح پر ریکارڈ کی گئی۔ عالمی مارکیٹ میں سونے کے نرخوں میں اضافہ کے باعث مقامی سطح پر سونے کی قیمت 1100روپے اضافہ سے 2لاکھ 3ہزار 500 اور دس گرام سونے کی قیمت 943روپے اضافہ سے 1لاکھ 74ہزار 468روپے رہی جبکہ چاندی کی فی تولہ قیمت 2150 روپے کی سطح پر مستحکم ریکارڈ کی گئی۔