رانا ثناء ‘مریم نواز کے حکم پر زمان پارک میں ظالمانہ آپریشن کیا جا رہا: پرویز الٰہی
لاہور (نوائے وقت رپورٹ) سابق وزیراعلیٰ پنجاب ومرکزی صدر تحریک انصاف چودھری پرویز الٰہی اور سابق وفاقی وزیر چودھری وجاہت حسین سے امریکی بزنس مین طاہر جاوید نے یہا ں اُنکی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ پاک امریکہ تعلقات کو مضبوط بنانے کیلئے عوامی رابطہ مہم کی اس وقت اشد ضرورت ہے۔ انہوں زمان پارک میں پولیس رانا ثناء اللہ اور مریم نواز کے حکم پر ظالمانہ آپریشن کر رہی ہے۔ مریم نواز ہر صورت عمران خان کو گرفتار کرنا چاہتی ہیں۔ مریم نواز کی یہ حسرت ہی رہے گی۔ مالی بحران اور غیر یقینی کی کیفیت سے نکلنے کیلئے انتخابات ہی یقینی حل ہے۔ ملک بد ترین معاشی بحران کا شکار ہے۔ امریکہ سے بھی بغیر الیکشن مدد کھٹائی میں پڑ گئی۔ آئی ایم ایف کے معاملے میں امریکہ کوئی مدد کرتا نظر نہیں آ رہا۔ نواز شریف کو لیڈر کہنے والے اس بھگوڑے کو پہلے واپس لائیں۔ طاہر جاوید نے کہا کہ میں جب بھی چودھری پرویز الٰہی سے ملا انہوں نے ہمیشہ امریکہ میں مسلم کمیونٹی کے حقوق ہیومن رائٹس کے حقوق کیلئے اپنا کردار ادا کیا۔ بطور وزیر اعلیٰ چودھری پرویز الٰہی نے کم وقت میں پنجاب کی عوام کی فلاح و بہبود کیلئے اہم رول ادا کیا۔