اشتعال انگزی کا جواب دینگے ، روس : فضا ئی حدود میں محتاط رہیں، امریکہ کی وارننگ
ماسکو؍ واشنگٹن (نیٹ نیوز+ این این آئی+ اے پی پی) یوکرائن کے قریب امریکی ڈرونز کی جاسوس سرگرمیوں میں اضافہ سے تنازعہ بڑھے گا اور روس کی جانب سے اس طرح کے انٹیلی جنس آپریشنز پر مناسب ردعمل ظاہر کیا جائے گا۔ یہ بات روس کے وزیر دفاع سرگئی شوئیگوف نے امریکی ہم منصب لائیڈ آسٹن سے ٹیلیفونک رابطے کے دوران کہی۔ خیال رہے کہ 14 مارچ کو بحیرہ اسود پر پرواز کے دوران روسی جنگی طیارہ ٹکرانے سے امریکی ڈرون مکمل طور پر تباہ ہو گیا تھا۔ بیان کے مطابق روسی وزیر دفاع نے کہا کہ 'کریمیا کے ساحلی علاقوں کے قریب امریکی جنگی ڈرونز کی پروازیں اشتعال انگیز ہیں جس سے بحیرہ اسود کے خطے میں صورتحال بگڑ سکتی ہے'۔ سرگئی شوئیگوف نے کہا کہ 'روس کا حالات خراب کرنے میں کوئی مفاد نہیں مگر ہر قسم کی اشتعال انگیزی کا مناسب جواب دیا جائے گا'۔ وائٹ ہائوس کی قومی سلامتی کونسل کے ترجمان جان کربی نے کہا واشنگٹن میں متعین روسی سفیر کو ہم نے مطلع کردیا ہے کہ ماسکو کو بین الاقوامی فضائی حدود میں پرواز کرتے وقت زیادہ محتاط رہنا ہوگا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی محکمہ خارجہ نے روسی سفیر اناطولی انتونوف کو طلب کیا تھا اور ان سے امریکی ڈرون کے بحیرہ اسود میں گر کر تباہ ہونے پر تشویش کا اظہار کیا تھا۔ یہ ایک سال قبل یوکرائن میں جنگ شروع ہونے کے بعد اس طرح کا پہلا واقعہ ہے۔