خیبر پی کے میں بھی مستحق افراد مفت آٹا ، معیار پر کو تا ہی برداشت نہیں کر ینگے:وزیراعظم
اسلام آباد (خبر نگارخصوصی) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومت نے وکلاء کے تحفظ کے لیے وکلاء تحفظ بل 2023 پارلیمنٹ میں پیش کرنے اور کپاس کی فصل کو کاشتکاروں کے لئے منافع بخش بنانے کی غرض سے 8500 روپے فی من کی امدادی قیمت کی بھی منظوری دے دی ہے۔ وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنی زیر صدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس میں کیا۔ وزیراعظم نے کہاکہ وکلاء کا پاکستان کے آئینی ارتقا میں کلیدی کردار ہے۔ حکومت نے وکلاء کے تحفظ کے لیے وکلاء تحفظ بل 2023 پارلیمنٹ میں پیش کرنے کے لیے منظور کرلیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کپاس کے کاشتکاروں کی فصل کو منافع بخش بنانے کے لیے 8500 روپے فی من کی امدادی قیمت کی بھی منظوری دے دی گئی ہے۔ ایس ایم ای بینک کے صارفین کی جمع کرائی گئی رقوم کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ وائنڈنگ ڈاؤن کے دوران صارفین کے ڈیپازٹس کی واپسی کا خاص خیال رکھا جائے۔ کابینہ نے وزارت خزانہ کی سفارش پر سکیورٹی اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان کے مختلف ممالک اور بین الاقوامی اداروں کے ساتھ 15 باہمی اور 2 کثیر طرفہ مفاہمتی یادداشتوں کی ایکس پوسٹ فیکٹو کی منظوری دی۔ وفاقی کابینہ نے سٹیٹ بینک کی سفارش پر ایس ایم ای بینک کے وائنڈنگ ڈاؤن کی منظوری دے دی۔ کابینہ نے ہدایت کی کہ وائنڈنگ ڈاؤن کے دوران بینک کے تمام صارفین کے ڈیپازٹس کی حفاظت یقینی بنائی جائے۔ پہلے مرحلے میں بینک کے تمام صارفین کو 5.557 ارب روپے کی ادائیگیاں کی جائیں گی۔ وفاقی کابینہ نے وزارتِ داخلہ کی سفارش پر سعودی حکومت کی جانب سے محمد وسیم اسلم ولد محمد اسلم کی سعودی عرب حوالگی کے لیے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کی سربراہی میں ایکسٹراڈیشن ایکٹ 1972 کے تحت انکوائری کمیٹی تشکیل دینے کی منظوری دی۔ حکومت پاکستان کا سعودی حکومت کے ساتھ مجرمان کی حوالگی کے حوالے سے معاہدہ موجود ہے۔ محمد وسیم اسلم سعودی حکومت کو قتل کے کیس میں مطلوب ہے۔ وفاقی کابینہ نے وزارت مذہبی امور اور بین المذاہب ہم آہنگی کی سفارش پر پاکستان سکھ گردوارہ پربندھک کمیٹی (پی ایس جی پی سی) کی تشکیل نو کی منظوری دی۔ مذکورہ 13 رکنی کمیٹی میں تمام صوبوں سے سکھ برادری کی نمائندگی کو یقینی بنایا گیا ہے۔ یہ کمیٹی آئندہ تین سال کے لیے گردواروں کی دیکھ بھال، سکھ یاتریوں کی خدمت اور دیگر انتظامی امور سنبھالے گی۔ وفاقی کابینہ نے کابینہ کمیٹی برائے لیجسلیٹو کیسزکے13مارچ 2023 کے اجلاس میں کیے گئے فیصلے کی بھی توثیق کی جس میں وکلا تحفظ بل 2023 کی منظوری کی گئی تھی۔یہ بل ملک بھر میں وکلا کے تحفظ کے لیے وکلا کی درخواست پر تیار کیا گیا ہے۔ وفاقی کابینہ نے اقتصادی رابطہ کمیٹی کے 14 مارچ 2023 اور15 مارچ 2023 کو منعقد ہونے والے اجلاسوں میں کیے گئے فیصلوں کی توثیق کردی۔ اس میں کپاس کی امدادی قیمت بڑھا کر 8500 روپے فی من کا فیصلہ بھی شامل ہے۔ مزید براں وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اسلام آباد کا نام تجویز کرنے والے قاضی عبدالرحمن امرتسری کی خدمات کا قومی سطح پر اعتراف کیا ہے اور پاکستان کیلئے خدمات کے اعتراف میں حکومت پاکستان کا ان سے کیا ہوا وعدہ پورا کر تے ہوئے سی ڈی اے کی تجویز پر ان کے ورثاء کو پارک انکلیو اسلام آباد میں پلاٹ کا الاٹمنٹ لیٹر پیش کر دیا۔ جمعہ کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ قاضی عبدالرحمن امرتسری کی پاکستان کیلئے خدمات نا قابل فراموش ہیں، ایسی قومیں کبھی ترقی نہیں کرتیں جو اپنے محسنوں کو فراموش کر دیں۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کو اسلام آباد کی پہچان دینے والے سکول ٹیچر قاضی عبدالرحمن امرتسری کو قوم خراج عقیدت پیش کرتی ہے۔
وزیراعظم کابینہ
اسلام آباد (اے پی پی) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پنجاب اور خیبر پختونخوا اور اسلام آباد میں مستحق افراد کے لئے آٹے کا تحفہ دیا جا رہا ہے، ملکی تاریخ میں پہلی بار غریب عوام کیلئے رمضان میں مفت آٹا کی فراہمی کا پیکیج تیار کیا گیا ہے، مستحق افراد کو فراہم کئے جانے والے آٹے کے تحفے کے معیار پر کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی، حکومت غریب و متوسط طبقے کو ریلیف دینے کی ہر ممکن کوشش کر رہی ہے۔ جمعہ کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم کی زیر صدارت رمضان المبارک کے دوران مستحق افراد کو ریلیف اور آٹے کے تحفے کی فراہمی کے حوالے سے ایک اہم جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ وزیر اعظم نے تاکید کی کہ مستحق افراد کو فراہم کئے جانے والے آٹے کے تحفے کے معیار پر کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت غریب و متوسط طبقے کو ریلیف دینے کی ہر ممکن کوشش کر رہی ہے۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ رمضان میں پنجاب بھر کے ایک کروڑ 58 لاکھ گھرانوں کو مفت آٹا تقسیم کیا جائے گا جبکہ خیبرپختونخوا میں بھی رمضان کے دوران مستحق خاندانوں کو آٹے کا تحفہ دیا جائے گا۔ مستحق افراد بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے نمبر 8171 پر اپنا شناختی کارڈ ایس ایم ایس کر کے آٹے کے تحفے کے لئے اپنی اہلیت جانچ سکتے ہیں۔ اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ بلوچستان میں 50 رمضان بازاروں سے آٹا سستے داموں دستیاب ہو گا۔ اجلاس میں مشیر وزیرِ اعظم احد چیمہ ، نگران وزیر اعلیٰ پنجاب سید محسن نقوی، پنجاب، خیبر پختونخوا، بلوچستان کے چیف سیکرٹریز اور منیجنگ ڈائریکٹر یوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن نے شرکت کی۔
وزیراعظم؍ آٹا