پاکستان کو جی ایس پی پلس سٹیٹس میں 2 برس توسیع: نوید قمر
کراچی (نیٹ نیوز) وفاقی وزیرتجارت سید نوید قمر نے کہا ہے کہ پاکستان بھارت کے ساتھ تجارت کا خواہشمند تو ہے مگر مودی حکومت میں یہ ممکن نہیں ہے۔ صحافیوں سے گفتگو میں وزیرتجارت نے کہا کہ وفاقی کابینہ نے بارٹر ٹریڈ فریم ورک منظور کر لیا ہے جس کی مدد سے ڈالر بحران پر قابو پانے اور معیشت کو سہارا اور تجارتی خسارے پر قابو پانے کی کوشش کریں گے۔ بنکاری چینل کا نہ ہونا فریم ورک کا سبب ہے۔ اس سسٹم کے تحت افغانستان‘ ایران‘ وسط ایشیائی و افریقی ممالک اور چین کے ساتھ اشیاء کے بدلے اشیاء کی تجارت ہو سکے گی۔ پاکستان کو یورپی یونین جی ایس پی پلس پروگرام میں دو سال کی توسیع مل گئی ہے۔ یورپی یونین کے جی ایس پی پلس پروگرام کو ٹیکس فری کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان کے جی سی سی ممالک سے فری ٹریڈ پالیسی پر مذاکرات جاری ہیں۔