• news

سزائیں پوری کرنے والے قیڈیوں کی رہا ئی کیلئے عدلیہ سے بات کرینگے : محسن نقوی


لاہور (نیوز رپورٹر) نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے سنٹرل جیل کوٹ لکھپت کا اچانک دورہ کیا۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے 2 گھنٹے تک مرد و خواتین قیدیوں کے مسائل سنے اور جیل میں فراہم کردہ سہولتوں کا تفصیلی جائزہ لیا۔ کوٹ لکھپت جیل میں ایک چارپائی پر 3 خواتین قیدی موجود تھیں جبکہ سزائیں پوری ہونے کے باوجود بعض قیدی سلاخوں کے پیچھے زندگی گزارنے پر مجبور تھے۔ بعض قیدیوں کی اپیلیں 10،10 سال تک نہیں لگیں۔ والد کے انتقال کے باوجود خاتون قیدی کو پیرول پر رہائی نہ مل سکی۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے مریضوں سے علاج معالجے کی سہولتوں کے بارے استفسار کیا۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے جیل ہسپتال میں مریضوں کو اچھا علاج معالجہ اور ضروری ادویات کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ گردے و جگر کے امراض میں مبتلا قیدی مریضوں کا علاج پاکستان کڈنی اینڈ لیور ٹرانسپلانٹ انسٹی ٹیوٹ سے کرایا جائے اور اس ضمن میں پی کے ایل آئی کا فوکل پرسن مقرر کیا جائے۔ وزیراعلیٰ محسن خواتین قیدیوں کے ٹیکنیکل ٹریننگ سنٹر اور ڈے کیئر سنٹر کا بھی دورہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ قیدی بھی انسان ہیں، انہیں بنیادی سہولتوں ملنی چاہئیں۔ ایک قیدی کے لئے ایک چارپائی ہونی چاہیئے۔ 3 خواتین قیدیوں کے لئے ایک چارپائی ظلم ہے۔ انہوں نے کہا کہ جس قیدی خاتون کے والد انتقال کر گئے ہیں کو پیرول پر رہاکرنے کا فوری انتظام کیا جائے۔ سزائیں پوری کرنے کے باوجود جیل میں بند قیدیوں کی رہائی کے لیے عدلیہ سے بات کریں گے۔ قبل ازیں نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے ڈینگی اور کرونا سے نمٹنے کیلئے تمام ضروری اقدامات اٹھانے کا حکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ انسداد ڈینگی کے کیلینڈر پر من و عن عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔ انسداد ڈینگی کیلئے بروقت اقدامات کئے جائیں اور ایس او پیز کو فالو کیا جائے۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے سپرے پمپس اور دیگر ضروری آلات کو فنکشنل رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہاکہ ان ڈور اور آئوٹ ڈور سرویلینس پر خصوصی توجہ دی جائے۔ ڈینگی کی تشخیص کیلئے سی بی سی ٹیسٹ 95 روپے میں ہوگا۔ سیکرٹریز کو مختلف علاقے تفویض کئے جائیں گے اور وہ انسداد ڈینگی کی سرگرمیوں کوخود مانیٹر کریں گے۔ محسن نقوی نے کہا کہ پنجاب میں کرونا کی صورتحال نارمل ہے۔

ای پیپر-دی نیشن