• news

عمران خان کو سیاست کیلئے نعش چاہیے، حکومت دینا نہیں چاہتی،شاہد خاقان 


 کراچی (این این آئی)پاکستان مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما اور سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ بزدل شخص گھر میں بیٹھا ہوا ہے، عمران خان کو سیاست کرنے کیلئے نعش چاہیے، حکومت ان کو نعش دینا نہیں چاہتی۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ چیئرمین تحریک انصاف خود دوسروں کی گرفتاری کے دعوے کرتے تھے، عدالت نے ان کو بار بار نہ آنے پر آرڈر جاری کیے ہیں، اگر ملک کا سابق وزیراعظم عدالت کے آرڈر نہیں مانے گا تو کل کو کوئی نہیں مانے گا۔انہوں نے کہا کہ عمران خان فاشسٹ نظام پہلے بھی چلاتے رہے آج بھی چلانے کی کوشش کر رہے ہیں، عمران خان کہتے ہیں مجھے کوئی تکلیف نہ ہو، سیاسی لیڈر کو تکالیف برداشت کرنی پڑتی ہے، جیلیں بھی کاٹنی پڑتی ہیں، آج ملکی حالات کے حوالے سے ہر ادارے میں لاپرواہی نظر آتی ہے، سب کو سر جوڑ کر بیٹھنا چاہیے اور ملکی مسائل کے حل کیلئے بات کرنی چاہیے۔شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ لوگ 15 سال سے عدالتوں میں بیٹھے ہیں ان کو کوئی انصاف نہیں ملتا، لوگ سالوں سے نیب کی جیلوں میں بیٹھے ہیں کوئی پوچھنے والا نہیں، ملک میں انصاف کی بات ہوتی ہے، ہمارے ملک میں انصاف ہوتا ہوا نظر آنا چاہیے، آج پارلیمان مفلوج ہے، سیاست آج نفرت اور دشمنی میں بدل چکی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن